Daily Mashriq

مسلم لیگ(ن) کے رہنما جاوید لطیف کے خلاف نیب تحقیقات کا آغاز

مسلم لیگ(ن) کے رہنما جاوید لطیف کے خلاف نیب تحقیقات کا آغاز

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور اپنے بہن بھائیوں کے نام پر اربوں روپے کے اثاثے بنانے کے الزامات پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔

 سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے قومی احتساب آرڈیننس 1990 کے سیکشن 34 (اے ) کے تحت نیب لاہور کو معاملے کی انکوائری کرنے اور حتمی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

نیب لاہور نے قومی احتساب آرڈیننس کے سیکشن 9 (اے) اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے سیکشن 3 کے تحت اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔

جب نیب لاہور کے ترجمان سے رابطہ کیا تو انہوں نے جاوید لطیف کے خلاف انکوائری کے آغاز کی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب جاوید لطیف کے قریبی ذرائع نے بھی الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ رکنِ قومی اسمبلی کو کرپشن کے الزامات کے ذریعے بدنام کیا جارہا۔

ذرائع نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں، جب ہمیں نیب کا نوٹس موصول ہوگا ہم جوب دے دیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں ایسی انکوائریاں ہوئی تھیں لیکن جاوید لطیف کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا تھا۔

دوسری جانب سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق نیب کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ضلع شیخوپورہ سے منتخب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ایم این اے جاوید لطیف نے سیاست میں آنے کے بعد اپنے بہن بھائیوں کے نام پر اربوں روپے کے اثاثے بنائے تھے۔

اے پی پی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ دستیاب معلومات کے مطابق سیاست میں آنے سے قبل شیخوپورہ میں واقع حبیب کالونی میں جاوید لطیف کا 12 مرلے کا گھر تھا، جسے اب ڈیڑھ ایکڑ کے رقبے تک توسیع دی جاچکی ہے۔

علاوہ ازیں مبینہ طور پر جاوید لطیف کے اکثر اثاثے ان کی والدہ کے نام پر ہیں جو ایک گھریلو خاتون ہیں اور نان ٹیکس فائلر ہیں۔

اے پی پی کے مطابق نیب لاہور اس وقت شیخوپورہ اور سرگودھا میں 6 سی این جی اور پیٹرول اسٹیشنز کی خریداری میں استعمال ہونے والے فنڈز کے ذرائع، شیخوپورہ میں ایک پیپر ملز، شیخوپورہ میں ان کی والدہ ولایت لطیف کے نام پر بنے ایک پلازہ، ڈیڑھ ایکڑ رقبے پر پھیلی اراضی پر تعمیر کیے گئے گھروں اور 2 آٹے کی ملز سے متعلق تحقیقات کررہا ہے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ جاوید لطیف کی والدہ ڈیرے اور ایک عمارت (جو اپنا بینک کو کرائے پر دی ہوئی) کی مالک بھی ہیں جو شیخوپورہ میں شرق پور چوک کے قریب 2 کینال اور 17 مرلے کی اراضی پر تعمیر کی گئی تھی

متعلقہ خبریں