Daily Mashriq

بارش کے سب حروف کو اُلٹا کے پی گیا

بارش کے سب حروف کو اُلٹا کے پی گیا

فروری کے مہینے کی بارش ہماری فصلوں کیلئے نیک شگون ثابت ہوتی ہے، کہنے والے کہتے ہیں کہ آسمان سے گھی اُتر رہا ہے ہماری فصلوں کیلئے۔ فروری کا مہینہ آمد نوبہار کا پیغام بن کر آتا ہے۔ اس مہینے کی اکیس تاریخ سے فصل بہار شروع ہو جاتی ہے۔

یہ جو بہار کے موسم میں بارش برستی ہے سچ مچ باران رحمت یزدانی ثابت ہوتی ہے۔ ادھر برسی ادھر تھم گئی۔ اسے ہم سب فصل بہار کی بارش، بہاریہ بارش یا بہاری بارش کہتے ہیں۔ فصل بہار کی بارش اس حوالہ سے بڑی پرمنظر ہوتی ہے کہ اگر یہ ایک مقام پر برس رہی ہو تو اس سے کچھ ہی فاصلے پر سورج کی شعاعیں سنہری دھوپ کے مناظر پیش کرنے لگتی ہیں اور پھر ایسے میں جب یہ شعاعیں فضا میں پھیلے بارش کے قطروں میں سے گزرتی ہیں یا ان سے ٹکرا کر واپس لوٹتی ہیں تو انعکاس نور انعطاف نور کے سبب نیلے گگن پر ایک اُفق سے دوسرے اُفق تک پھیلی قوس قزح کے سات رنگ اپنی بہار دکھانے لگتے ہیں۔ ہمارے ہاں مقامی اور علاقائی زبانوں میں آسمان کی وسعتوں میں پھیلی اس دلکش قوس کو بیوی جی دی پینگ یا دا بوڈھئی ٹال کہتے ہیں۔ کوئی نہ کوئی وجہ تسمیہ ہوگی قوس قزح کے ان مقامی اور علاقائی ناموں کی جو ہر بات کی ٹوہ میں پہنچنے والے محققین اور سوچکاروں کو دعوت فکر دیتی رہتی ہے۔ ہمارے ہاں دماغ سے سوچنے والوں کی کمی ہے لیکن یہ بات قابل ذکر ہے کہ دماغ سے سوچنا ترک کر کے دل سے سوچنے والے بہاریہ بارش سے جو لطف اور حظ اُٹھاتے ہیں اس میں بلا کا خمار پایا جاتا ہے۔ بارش جس موسم میں برسے بارش ہی کہلاتی ہے اور اگر لفظ بارش کے حروف کو الٹا کرکے پڑھا جائے تولفظ شراب وجود میں آتا ہے۔ جبھی تو عبدالحمید عدم نے بارش کو شراب عرش کہتے ہوئے لکھ دیا کہ

بارش شراب عرش ہے یہ سوچ کر عدمؔ

بارش کے سب حروف کو اُلٹا کے پی گیا

بارش کے حروف کو اگر اُلٹا کر شراب پینے کا مزہ نہ بھی لیا جاسکتا تب بھی شراب ایسی بلا ہے جو ہماری شاعری میں در آئے تو اسے خمریات کی مرتبے پر فائز کردے۔ فارسی شاعری میں رباعیات عمرخیام کو خمریات عمرخیام بھی کہا جاتا ہے کہ اس میں مینا اور جام کی سرخ پری کی باتیں ہیں۔ حرف حرف خمار ہے لفظ لفظ بہار ہے۔ اردو ادب میں جوش ملیح آبادی اور عبدالحمید عدم جیسے بہت سے شاعروں نے شراب کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا ہے۔ اسداللہ خان غالب نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ

ہر چند ہو مشاہدہ حق کی گفتگو

بنتی نہیں ہے بادہ وساغر کہے بغیر

ہمارے ہاں تصوف میں بھی شراب معرفت کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے، جب یہ بات ہے تو زاہد کیوں نہ حور وقصور اور شراب الطہورکی باتیںکرے۔ شراب کو نشہ بھی کہا جاتا ہے

نشہ پلا کے گرانا تو سب کو آتا ہے

مزہ تو جب ہے کہ گرتوں کو تھام لے ساقی

کتنی خوبصورت شاعرانہ اصطلاح ہے ساقی کی، جس کے ذکر کے بغیر شراب کا تذکرہ ادھورا رہ جاتا ہے۔ اس وقت تو ساقی کی اس اصطلاح کا تقدس عرش بریں پر جا پہنچتا ہے جب کوئی شاعر یا مغنی ساقی کے اس لفظ کو

مے کشو آؤ آؤ مدینے چلیں

دست ساقی کوثر سے پینے چلیں

قسم کے شعر لکھتا پڑھتا یا قوالی کی صورت دہرا دہرا کر گاتا ہے لیکن افسوس صدافسوس کہ ہمارے معاشرے میں چرس، ہیروئین، گانجا اور جانے اس قسم کے کتنے ناسور صفت نشوں میں مبتلا کم نصیب ماؤں کے لال منشیات فروشوں کو ساقی کہہ کر پکارتے ہیں، کہاں ملتی ہیں یہ بلائیں، میں نے ایک زردی مائل منشیات زدہ نوجوان سے پوچھا جس کے جواب میں اس نے ایک طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہیں سامنے نہر کے کنارے پھر رہے ہوتے ہیں اس کے ساقی، منشیات فروشوں کو وہ ساقی کہہ رہا تھا، اس کی زبان سے یہ الفاظ سن کر مجھ سے ساقی کے لفظ کی توہین برداشت نہ ہوسکی، میں نے اس نہر کی جانب جانے والی پگڈنڈی پر اچٹتی سی نظر ڈالی، وہاں دو وردی پوش پولیس والے کھڑے تھے، شاید وہ وہاں اس لئے پہرہ دے رہے تھے کہ وہاں نشہ پھونکنے والوں کے ساقیوں کی چلتی پھرتی دکانیں اور ان کا چمکتا کاروبار چلتا ہے، مجھے حیرت اس بات پر ہوئی کہ کسی کا زردی مائل منشیات زدہ جگر گوشہ پولیس کے دو سپاہیوں کے پہرے کو خاطر میں لائے بغیر اس جانب چل پڑا جہاں ساقی کے ملنے کا امکان تھا۔ کہتے ہیں کہ چلتی پھرتی زندہ لاشوں کے ساقی ان مگرمچھوں کے آلۂ کار ہوتے ہیں جو معاشرے کے رگ وپے میں منشیات کا زہر بھرنے میںکوئی کسر روا نہیں رکھتے کہ اندھے قانون کے لمبے ہاتھ ان تک پہنچنے سے پہلے کٹ جاتے ہیں، سعودی عرب اور ملیشیا جیسے ممالک میںمنشیات کی سمگلنگ کی سزا موت ہے لیکن ہمارے ہاں تو بہار کی بارش کو بھی شراب سمجھا جاتا ہے کتنے ستم کی بات ہے کہ یہاں اگر کسی کے پاس تھوڑی سی چرس یا شراب کی بوتل پکڑی جائے تو اسے قابل تعزیر جرم نہیں گردانا جاتا۔ بقول اکبرالہ آبادی

ہنگامہ ہے کیوں برپا تھوڑی سی جو پی لی ہے

ڈاکہ تو نہیں ڈالا چوری تو نہیں کی ہے

ہم تو سمجھے تھے کہ برسات میں برسے گی شراب

آئی برسات تو برسات نے دل توڑ دیا

متعلقہ خبریں