Daily Mashriq

بل گیٹس کاعمران خان کوخط،پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش

بل گیٹس کاعمران خان کوخط،پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ایک "نئے پاکستان"کیلئے اصلاحاتی سماجی و اقتصادی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہے ' انسداد پولیو کو قومی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے طور پر جاری رکھیں گے اور ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات ڈائریکٹر جنرل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ٹیڈ روس ایڈہینم گیبری اوسس سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن کے ڈاکٹر کرسٹوفرایلس کے ہمراہ منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈبلیو ایچ او کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کو سراہتا ہے۔انہوں نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈبلیو ایچ او پاکستان میں سب کے لئے صحت کو بہتر بنانے کی اپنی کوششوں میں ایک بااعتماد شراکت دار کی حیثیت سے کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس موقع پر بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ ڈویژن کے صدر ڈاکٹر کرسٹوفر ایلس نے بل گیٹس کی طرف سے ایک خط بھی وزیراعظم کو پہنچایاجس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔بل گیٹس کی جانب سے لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ مائیکرو سافٹ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرسکتا ہے۔خط میں بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بل گیٹس فائونڈیشن پاکستان میں پولیو و صحت عامہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ قائم مقام سربراہ ڈبلیو ایچ او کنٹری آفس پاکستان ڈاکٹر نیما سعید عابد اور ڈی جی ڈبلیو ایچ او کی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر سینٹ فسیہا بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر بن عطا ، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ ، سیکرٹری صحت کیپٹن (ر) زاہد سعید اور دیگر سینئر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

بل گیٹس کاعمران خان کوخط

متعلقہ خبریں