Daily Mashriq

اداکارہ ذہین طاہرہ 79 برس کی عمر میں چل بسیں

اداکارہ ذہین طاہرہ 79 برس کی عمر میں چل بسیں

پاکستانی ٹیلی ویژن کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ 79 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئیں۔

اداکارہ مختلف بیماریوں کا شکار تھیں، جبکہ گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔

جس کے بعد یہ افواہیں بھی سامنے آئیں تھی کہ اداکارہ کا انتقال ہوگیا، البتہ ان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے چند افراد نے ان خبروں کو بےبنیاد ٹھہراتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی صحت پہلے سے بہتر ہورہی ہے۔

بعدازاں طبیعت سنبھلنے پر انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ذہین طاہرہ کا انتقال صبح چار بجے کراچی کے نجی ہسپتال میں ہوا۔

ذہین طاہرہ کے پوتے دانیل شہزاد خان نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے سب کے ساتھ یہ خبر شیئر کی۔

یاد رہے کہ ٹی وی کی سینئر اداکارہ ذہین طاہرہ پیشے سے پروڈیوسر اور ہدایت کار بھی تھیں۔

وہ پی ٹی وی کے سب سے مقبول ڈرامے 'خدا کی بستی' میں بھی کام کرچکی ہیں۔

60 کی دہائی میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی ذہین طاہرہ نے خالہ خیرن، چاندنی راتیں، شمع، زینت، عروسہ، عجائب خانہ، سمیت لاتعداد ڈراموں میں کام کیا۔

2013 میں اداکارہ کو پاکستانی ٹیلی ویژن انڈسٹری میں اپنی خدمات کے لیے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں