Daily Mashriq


جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا معاہدہ طے پا گیا

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا معاہدہ طے پا گیا

ویب ڈیسک:پی ٹی آئی سے معاہدے کے بعد جنوبی پنجاب صوبہ محاذ  تحریک انصاف میں ضم ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں عمران خان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کے ساتھ انضمام کا اعلان کیا۔

پریس کانفرنس سے قبل جنوبی پنجاب محاذ کی قیادت نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چئرمین عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں بلخ شیر مزاری، خسرو بختیار، نصراللہ دریشک اور طاہر بشیر چیمہ کے علاوہ جہانگیر ترین اور فواد چوہدری بھی موجود تھے، اس موقع پر عمران خان نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔ ملاقات کے دوران تحریک انصاف اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماؤں کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پایا جس میں  عمران خان، میر بلخ شیر مزاری، خسرو بختیار اور طاہر بشیر چیمہ کے دستخط ہیں۔

 سیاسی رہنماؤں کے درمیان طے پائے گئے معاہدے کو یادداشت کا نام دیا گیا ہے اور معاہدے میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے لئے محاذ کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے۔

معاہدے میں کہا گیا ہے کہ دونوں جماعتیں پی ٹی آئی کے پرچم تلے نئے صوبے کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔ جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا جو صوبے کی تشکیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سفارشات پیش کرے گی۔

اقتدار کی صورت میں تحریکِ انصاف پہلے 100 دن کے اندر صوبے کے قیام کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ معاہدے پر عمران خان، میر بلخ شیر مزاری، خسرو بختیار اور طاہر بشیر چیمہ نے دستخط کیے۔

متعلقہ خبریں