Daily Mashriq


دبئی ٹیسٹ:پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کی ٹیم 202رنز پر ڈھیر

دبئی ٹیسٹ:پاکستان کیخلاف آسٹریلیا کی ٹیم 202رنز پر ڈھیر

ویب ڈیسک:دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کیجانب پہلی اننگ میں 482 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 202 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

 دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کیجانب سے پہلی اننگز میں482 رنز کے جواب میں آسٹریلیا طرف سے انتہائی محتاط بیٹنگ کا رویہ اپنایا گیا، تاہم آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن پاکستانی بالرز کا مقابلہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی اور پہلی اننگز میں صرف 202 کے مجموعی سکور پر واپس پویلین لوٹ گئی۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد  امام الحق 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا اور سنچری مکمل کی تاہم وہ 126 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اظہر علی تھے جو 18 رنز پر ہالینڈ کی گیند پر اسٹارک کو کیچ تھما بیٹھے۔

ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم نے کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز سے کیا تو صرف 5 رنز کے اضافے سے محمد عباس آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل اور اسد شفیق کے درمیان 150 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 80 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

بابر اعظم  4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ حارث سہیل نے سنچری اسکور کی اور 110 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد 15 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ، بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 3 رنزبناسکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹرسڈل نے 3، نیتھن لیون نے 2 جب کہ جون ہولاند، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30رنز بنائے۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو ایرون فنچ 13 اور عثمان خواجہ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔

پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایرون فنچ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 160 تک پہنچا تو شان مارش 7 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کا شکار بنے۔

اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، مچل مارش 12، پیٹر سڈل 10 اور کپتان ٹم پین 7 رنز بناسکے جب کہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے6اور محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم کے 202 سکور پر آوٹ ہونے کے بعد پاکستان نے فالو آن دینے کی بجائے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 2014 میں کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں