Daily Mashriq


لاکھوں صارفین کا ڈیٹا چوری، گوگل پلس کو بند کر دیا گیا

لاکھوں صارفین کا ڈیٹا چوری، گوگل پلس کو بند کر دیا گیا

ویب ڈیسک: فیس بک کے مقابلے کیلئے گوگل کیجانب سے لانچ کی گئی سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹ گوگل پلس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل نے اپنے سوشل میڈیا نیٹ ورک گوگل پلس کی بندش کا فیصلہ کرلیا ہے۔ گوگل پلس کو 28 جون 2011 میں گوگل کیجانب سے فیس بک کا مقابلہ کرنے کیلئے  لانچ کیا گیا تھا سات سال میں تاہم اس کا استعمال نہ ہونے کے برابر رہ گیا ، جبکہ اب گوگل پلس کو صارفین کے لیے مکمل طور پر بند کیا جا رہا ہے۔

گوگل پلس کے بند کیے جانے کے حوالے سے جاری بیان میں گوگل کیجانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ گوگل پلس صارفین کا ڈیٹا بڑے پیمانے پر ہیک کرلیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ ہیکرز نے صارفین کے ان باکس تک رسائی حاصل کرلی تھی۔ ہیکرز نے اس کام کے لیے مارچ 2018 میں ’بگ‘ کا استعمال کیا تھا تاہم اب بگ کو مکمل طور پر ختم کرلیا گیا۔

تاہم گوگل پلس کو بگ سے آزادی دلانے کے باوجود اسے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ صارفین کی سطح پر کم توجہ ملنے کے باعث بھی کیا گیا ہے۔ اپنے لانچ سے اب تک گوگل پلس کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔

گوگل انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ ہیکرز نے 5 لاکھ صارفین کا ڈیٹا ہیک کیا تاہم صارفین کے ڈیٹا کے منفی استعمال کے شواہد نہیں ملے ہیں لیکن صارفین کی عدم دلچسپی اور صارفین کے نجی ڈیٹا کی حفاظت نہ کر پانے کے خدشے کے پیش نظر گوگل پلس کو مکمل طور بند کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں