Daily Mashriq


یوں محسوس ہوتا ہے پارٹی چھوڑنے والوں پر کچھ وارد ہوا تھا

یوں محسوس ہوتا ہے پارٹی چھوڑنے والوں پر کچھ وارد ہوا تھا

تاحیات قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی چھوڑکرجانے والوں پرضرور کچھ وارد ہوا ہے تاہم یہ افراد نظریاتی طور مسلم لیگ ن سے تھے ہی نہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں پرضرورکچھ وارد ہوا ہے، تاہم پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا تعلق (ن) لیگ سے نہیں تھااور یہ وہی لوگ تھے جنہوں نے میری صدارت کے لیے ووٹ نہیں دیا تھا۔ نوازشریف کاکہنا تھا کہ یہ لوگ ہماری نظرمیں تھے اور ایسے لوگ سیاست کو بدنام کرتے ہیں، ایسے لوگوں کا آنا جانالگا رہتا ہے، ایسے لوگ ڈکٹیٹرکے دور میں آمر اور جمہوری دور میں جمہوری لوگوں سے مل جاتے ہیں تاہم آنے والے الیکشن میں اپنی جیت سے متعلق پرامید ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ریکارڈ ترقیاتی کام کیے اور لودھراں کا الیکشن ہمارے ریکارڈ ترقیاتی کاموں پر اعتماد کا اظہار تھا، جہاں 180 ڈگری کا ٹرن آیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے لاپتہ افراد کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا ایشو ہے اور کسی کو لاپتہ کر دینا بہت بڑا جرم ہے۔ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ کیا لاپتہ افراد کے والدین اور بچوں کی زندگی سکون سےگزرے گی؟ ان پر کیا گزرتی ہوگی جنہیں یہ بھی نہیں پتہ کہ ان کے پیارے زندہ بھی ہیں یا نہیں۔

متعلقہ خبریں