Daily Mashriq

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش؛ 2 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش؛ 2 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق

کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بارش کے باعث 2 افراد   کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں ڈیفنس، محمودآباد، پی ای سی ایچ ایس، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، بہادرآباد، ایئرپورٹ، شاہ فیصل کالونی سمیت متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش کے باعث منگھوپیر کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق  ہوگیا جس کی شناخت 25 سالہ رئیس نواب کے نام سے ہوئی ہے۔ رئیس نواب گھر میں پانی کی موٹر ٹھیک کررہا تھا کہ اچانک کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ ادھر سولجر بازار کے علاقے لال فلیٹ کے قریب پارکنگ میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

مختلف علاقوں میں بجلی کا تار گرنے اور کرنٹ لگنے سے قربانی کے 6 جانور بھی ہلاک ہوگئے۔ سولجر بازار میں بجلی کا تار گرنے سے 3 اور ملیر آسو گوٹھ میں بھی قربانی کی 3 گائیں ہلاک ہوگئیں۔

ابرِ رحمت کراچی والوں کے لیے زحمت بن گئی ہے۔ بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونا شروع ہوگیا جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ کورنگی اور لانڈھی کی شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، انڈسٹریل ایریا کورنگی نالہ اوور فلو کرنے کے باعث پانی سڑکوں پر آگیا۔ ادھر بلدیاتی اداروں کے نالوں کی صفائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے جب کہ نکاسی آب کے کام کے لئے بلدیاتی اداروں کا عملہ بھی غائب ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

دوسری جانب کے الیکٹرک ایک بار پھر بلاتعطل بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی، ملیر، کورنگی، لانڈھی، گرومندر، سرجانی، نارتھ کراچی ، لیاقت آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہے، جب کہ اولڈ سٹی ایریا، لیاری، محمودآباد، گڈاپ، کیماڑی میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے شہریوں کوبارش کے موسم میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں۔

ترجمان کے الیکٹرک نے لوگوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز ہی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور طوفان کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں ہفتے اور اتوار کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی توقع ہے اور بارشوں کا سلسلہ عید کے پہلے روز تک برقرار رہ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں