Daily Mashriq

وزیراعلیٰ کاصوابی یونیورسٹی کیلئے 10 کروڑ روپے گرانٹ کااعلان

وزیراعلیٰ کاصوابی یونیورسٹی کیلئے 10 کروڑ روپے گرانٹ کااعلان

پشاور(مشرق نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے یونیورسٹی آف صوابی کیلئے 10 کروڑ روپے گرانٹ ان ایڈ جبکہ یونیورسٹی کو درکار سڑکوں کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں یونیورسٹی آف صوابی اور ویمن یونیورسٹی کی تمام تر ضروریات کیلئے خصوصی طور پر فنڈز مختص کئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے میں نہ صرف اعلیٰ تعلیمی اداروں کا معیار بلند کیا ہے بلکہ صوبے میں آٹھ نئی یونیورسٹیاں بھی قائم کی ہیں جو کہ موجودہ صوبائی حکومت کا صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے ضلع صوابی میں یونیورسٹی آف صوابی اور ویمن یونیورسٹی کے مشترکہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صنعت عبد الکریم تور غر، ایم پی اے عبد السلام آفریدی، وائس چانسلر امتیاز علی خا ن ، عاقب خان، رنگیز خان، ڈائریکٹر سائنس و ٹیکنالوجی خالد خان، پروفیسر ڈاکٹر فصیح الزمان و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ معیار ی تعلیم کا فروغ شروع دن سے ہی ہماری حکومت کی ترجیح رہی ہے۔ ہماری یونیورسٹیوں کے طلباء ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یونیورسٹی آف صوابی اور ویمن یونیورسٹی نے اتنے کم عرصے میں کامیابی کی منازل طے کی ہیں جو خوش آئند ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے جدید تعلیم کے فروغ کیلئے شعبہ تعلیم میں اصلاحات نافذ کی ہیں جن کی بدولت شعبہ تعلیم میں کافی بہتری آئی ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تعلیم کا شعبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعلیٰ نے مشترکہ کانووکیشن کے موقع پر طلباء و طالبات میں ڈگریاں بھی تقسیم کیں۔ کانووکیشن میں وزیراعلیٰ نے مجموعی طور پر 710 طلباء و طالبات کو ڈگریاں دیں جس میں 370 طلباء و طالبات کو سائنس اور آرٹس گروپ میں بی ایس ، بی ایس سی ، ایم اے اور ایم ایس سی کی ڈگریاں دی گئیں۔اسی طرح کانووکیشن میںیونیورسٹی آف صوابی کے 32 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز بھی دیئے گئے۔ کانوکیشن میں ویمن یونیورسٹی صوابی کے 338 طلباء و طالبات کو سائنس اور آرٹس گروپ میں بی ایس ، ایم اے اور ایم ایس سی کی ڈگریاں دی گئیں۔ اسی طرح کانوکیشن میں ویمن یونیورسٹی کے 40 طالبات کو گولڈ میڈلز بھی دیئے گئے۔ یاد رہے کہ ویمن یونیورسٹی کا یہ پہلا جبکہ یونیورسٹی آف صوابی کا یہ دوسرا کانووکیشن تھا۔

متعلقہ خبریں