Daily Mashriq


سپریم کورٹ کی احتساب عدالت کو نیب ریفرنسز نمٹانے کیلئے مزید6ہفتوں کی مہلت

سپریم کورٹ کی احتساب عدالت کو نیب ریفرنسز نمٹانے کیلئے مزید6ہفتوں کی مہلت

ویب ڈیسک:سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کوریفرنس نمٹانے کیلئے مزید 6 ہفتے کی مہلت دے دی۔

 چیف جسٹس میاں ثاقب نثاراورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل 2 رکنی بنچ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی نیب ریفرنسزکی مدت میں توسیع کی درخواست پرسماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ نیب کو مزید کتنا وقت درکارہے جس پرنیب وکیل نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف دیگر دو ریفرنسزمیں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کتنے ریفرنس زیر التواء ہیں ایک کا تو فیصلہ ہوچکا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کل چارریفرنس تھے، ایک ریفرنس اسحاق ڈار کے خلاف ہے جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار تو مفرورہے، کیا نیب مفرور کو سزا دے سکتی ہے، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ مفرور ہونے پر سیکشن 31 کے تحت سزا ہو سکتی ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ کو کتنا وقت درکار ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وکیل دفاع نے بہت وقت لے لیا، فلیگ شپ ریفرنس میں 16 میں سے 14 گواہان کے بیان ریکارڈ ہو چکے، العزیزیہ ریفرنس میں واجد ضیاء پرجرح جاری ہے، واجد ضیاء کے بعد تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ ہو گا۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں تینوں ریفرنس کا فیصلہ اکٹھا ہو، جج محمد بشیرکو اب بقیہ ریفرنسز نہیں سننے چاہئیں۔ 

سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کوشریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسزمیں فیصلے کے لیے مزید 6 ہفتوں کا وقت دے دیا۔

متعلقہ خبریں