Daily Mashriq

این آر او کااجراءبد نیتی کی بنیاد پر نہیں سیاسی مصلحت کے تحت کیا ،پرویز مشرف

این آر او کااجراءبد نیتی کی بنیاد پر نہیں سیاسی مصلحت کے تحت کیا ،پرویز مشرف

ویب ڈیسک:سابق صدر پرویزمشرف نے سپریم کورٹ میں این آر او کے اجرا کے حوالے سے جواب جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ این آر او قانون کے اجراء کی بنیاد بدنیتی نہیں بلکہ اس وقت کے سیاسی حالات تھے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے این آر او کیس میں اپنا تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ پرویزمشرف نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ این آر او جاری کرنے کی ایڈوائس وزیر اعظم شوکت عزیز نے بھیجی تھی اور میں نے ملکی مفاد کو دیکھتے ہوئے این آر او ایڈوائس پر دستخط کئے کیوں کہ اس قانون کے اجراء کا مقصد سیاسی انتقام کا خاتمہ اور صاف شفاف انتخابات کا انعقاد تھا۔ 

پرویز مشرف کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ این آر او کا اجراء کرکے کوئی غیر قانونی کام نہیں بلکہ اس کا مقصد باہمی اعتماد کو بڑھانا، قومی مفاہمت کو فروغ دینا اور ملک کا بہترین مفاد تھا، این آر او قانون سے متعلق دائر درخواست ناقابل سماعت ہے لہذٰا عدالت سے استدعا ہے کہ اس درخواست کو خارج کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو این آر او سے فائدہ اٹھانے کے کیس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سابق صدور  پرویز مشرف اور آصف زرداری سے تمام اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ پرویز مشرف کے وکیل نے جواب دینے کے لیے 2 ہفتے کی مہلت کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لہذاجواب کے لیے مہلت دی جائے۔

متعلقہ خبریں