Daily Mashriq

بھارت کی چھٹی وکٹ 92 رنز پر گر گئی

بھارت کی چھٹی وکٹ 92 رنز پر گر گئی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019ء کے پہلے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کیویز بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار ہے۔

ہدف کے تعاقب میں صرف 92 رنز پر بھارت کے چھ ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ چکے ہیں۔

ورلڈ کپ میں رنز مشین روہیت شرما  صرف ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے، ان کے پیچھے بھارتی ٹیم قائد ویرات کوہلی اور دوسرے اوپنر کے ایل راہول بھی  بالترتیب ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دنیش کارتھک کو صرف 6 رنز پر ہینری نے پویلین کی راہ دکھائی۔

 رشبھ پنت اور ہاردک پانڈیا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بناکر کیوی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن 32 رنز کی اننگز کھیل کر رشبھ پنت پانڈیا کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس سے قبل کرکٹ ورلڈکپ 2019ء میں بارش سے متاثرہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔

 مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف اپنی ادھوری اننگز 211 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی ۔

کیویز نے اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 3 مزید وکٹوں کے نقصان پر 28 رنز کا اضافہ کیا اور یوں بھارت کو مقررہ 50 اوورز میں جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جب بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو نیوزی لینڈنے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنالیے تھے۔

نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا انتہائی سست انداز میں آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ بھی ایک رن پر گر گئی اور مارٹن گپٹل صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے تھے، جبکہ 19 ویں اوور میں 69 کے مجموعے پر نکولس 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر کیم ولیمسن اور ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 134 کے مجموعی اسکور پر ولیمسن 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ جیمز نیشم اور گرینڈ ہوم بھی بالترتیب 12 اور 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

بارش کی وجہ سے جب کھیل روکا گیا تو روس ٹیلر 67 اور ٹوم لیتھم 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

ایونٹ میں یوں تو کئی میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں تاہم صرف سیمی فائنلز اور فائنل میچ کے لیے متبادل دن رکھا گیا ہے۔

آج بھی اگر میچ بارش سے متاثر ہوجاتا ہے تو بھارت پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہونے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچ جائے گا۔

متعلقہ خبریں