Daily Mashriq

وزیراعظم اور ایران کے صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم اور ایران کے صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم عمران خان اور ایران کے صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ یہ رابطہ وزیراعظم کی طرف سے خطے کے اہم ملکوں اور انکی قیادت کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے کئے جانے والے رابطوں کا حصہ ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مستقبل قریب میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ ٔ ایران پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ اس دورے سے دوطرفہ تعاون اور رابطوں کو فروغ ملے گا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے ایران میں حالیہ دہشتگرد حملے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ دہشتگرد حملے میں 27ایرانی گارڈز جاں بحق ہوگئے تھے۔ دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشتگردی کیلئے دونوں ملکوں کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے ایرانی صدر کو بھارت کیساتھ حالیہ صورتحال اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ انھوں نے ایسی صورتحال میں ایران جیسے برادر ملکوں کے کردار پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام کی مسلسل اصولی حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران پڑوسی اور برادر ملک ہیں۔ دونوں ملک مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ خطے کے امن اور ترقی میں دونوں ممالک کا کردار مرکزی رہے گا۔

متعلقہ خبریں