Daily Mashriq


آشیانہ کیس میں شہباز شریف کا 14 روزہ ریمانڈ، رمضان شوگر ملز کیس میں بھی گرفتاری

آشیانہ کیس میں شہباز شریف کا 14 روزہ ریمانڈ، رمضان شوگر ملز کیس میں بھی گرفتاری

ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں ریمانڈ کی استدعا نامنظور۔

نیب حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی تاکہ مزید تفتیش کی جاسکے۔ عدالت نے شہباز شریف کا 14 روزہ ریمانڈ منظور کرکے نیب کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔

علاوہ ازیں قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا، نیب نے شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز کیس میں گرفتاری ظاہر کی۔ وکیل نیب وارث علی جنجوعہ کا کہنا تھا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کی گرفتاری آج صبح ظاہر کی گئی۔

 نیب حکام کے مطابق چنیوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے شہباز شریف کی ذاتی شوگر ملز (رمضان شوگر ملز) سےآلودہ پانی کی نکاسی کے لیے 25 کلومیٹر طویل پختہ نالہ تعمیر کیا تھا، سرکاری ریکارڈ میں نالے کی تعمیر کا مقصد اطراف کے دیہات کے سیوریج پانی کا نکاس ظاہر کیا گیا تھا، تاہم نیب ذرائع کے مطابق عملی طور پر یہ نالہ رمضان شوگر ملز کے آلودہ پانی کو سیم نہر میں ڈالنے کے لیے بنایا گیا تھا اور اس پر 60 کروڑ روپے لاگت آئی تھی جب کہ پل کی تعمیر کے لیے غیرقانونی طور پر احکامات سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے جاری کیے۔

متعلقہ خبریں