Daily Mashriq

 وزیراعظم عمران خان کی عید میلاد النبیﷺ پر قوم کو مبارکباد

وزیراعظم عمران خان کی عید میلاد النبیﷺ پر قوم کو مبارکباد

وزیر اعظم  عمران خان  نے کہا ہے کہ آج محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی پیدائش کے دن پر پوری ملت اسلامیہ اور اہل وطن کو بالخصوص مبارک باد پیش کرتا ہوں,

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں آج محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی پیدائش کے دن پر پوری ملت اسلامیہ اور اہل وطن کو بالخصوص مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ ایسے مبارک دن ہماری زند گی میں بار بار آتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا سموئے ہوئے ہے، آپ ﷺ نے دشمنوں سے اپنے آپ کو صادق اور امین کہلوایا اور تبلیغ اسلام اس وقت شروع کی جب لوگوں نے انہیں صادق و امین تسلیم کر لیا تھا، آپ ﷺ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور کبھی امانت میں خیانت نہیں فرمائی۔

عمران خان نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ اور خلفائے راشدین نے اسلام کے اوائل میں اس تصور کو عملی جامہ پہنایا، آج کی مہذب دنیا میں فلاحی ریاست کا جو اعلیٰ سے اعلیٰ تصور ہے وہ ہمارے آقا حضرت محمد ﷺ نے آج سے 1400 سال قبل اس دورِ جاہلیت کے معاشرے میں ریاست مدینہ کی صورت میں قائم کر کے دکھایا اور اس اہم فیصلے کو خلفائے راشدین نے عدل و مساوات کی بنیاد پر چار چاند لگائے جو تاریخ عالم کا ایک سنہری باب ہے، ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد صرف امت مسلمہ کی بھلائی نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد پوری انسانیتکی فلاح و بہبود تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ فلاحی ریاست ہر دور کے لوگوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصد کے حصول میں کامیاب فرمائے اور اپنے روز و شب کو تعلیمات نبویﷺ کی روشنی میں بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں