Daily Mashriq

پاکستان ایران پارلیمانی دوستی گروپ تجارت کے شعبے میں تعلقات کو مزید بڑھانے کے حوالے سے متفق

پاکستان ایران پارلیمانی دوستی گروپ تجارت کے شعبے میں تعلقات کو مزید بڑھانے کے حوالے سے متفق

پاکستان ایران پارلیمانی دوستی گروپ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے شعبے میں تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے رکاوٹوں کو باہمی اتفاق رائے سے دور کیا جا سکتا ہے۔احمد امیر آبادی کی قیادت میں ایران پاکستان دوستی گروپ کے ارکان اور ایران کے وزیر تجارت رضا رحمانی کے ساتھ تہران میں گفتگو کرتے ہوئے گروپ کے کنوینئر سید نوید قمر نے یقین دلایا کہ گروپ دونوں برادر ملکوں کے درمیان جو طویل سرحد،ایک مذہب اور تاریخ کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں سہولت فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک ہونے کے ناطے دونوں ملکوں کے لئے تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے دونوں ملک مستفید ہوسکتے ہیں اور پاکستان ایران کو چاول، فروٹ، سبزیاں اور گوشت برآمد کرسکتا ہے۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے ایرانی وفد کو مقبوضہ کشمیر میں علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کشمیریوں کے نصب العین کی انصاف کے اصولوں پر حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔ایران دوستی گروپ کے سربراہ نے بنکاری اور تجارتی تعلقات بہتر بنانے، سرحدوں پر منڈیوں کے قیام اور ایران پاکستان گیس پائپ کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی دوستی گروپ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مزید مدد فراہم کریںگے۔

متعلقہ خبریں