Daily Mashriq

ڈالر کو کیسے قابو کیا جاسکتا ہے؟

ڈالر کو کیسے قابو کیا جاسکتا ہے؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پیش کی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم بظاہر کامیاب نظر آئی اور امید پیدا ہوئی ہے کہ کچھ بہتری آئے گی، مگر سب کچھ ٹھیک ہونے کا امکان نہیں کیونکہ معاشی اعتبار سے پاکستان میں جو بڑے مسائل ہیں ان میں سب سے اہم ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت ہے جس پر عوام تذبذب کا شکار ہیں اور ڈالر کو روپے کے مقابلے میں نیچے لانے کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔پوری دنیا میں ڈالر کو کنٹرول کرنے کا سادہ اور مستند فارمولا برآمدات کو بڑھانا اور درآمدات کو کم کرنا ہے لیکن یہ عمل سست روی سے آگے بڑھتا ہے، جس کے نتائج سالوں بعد سامنے آتے ہیں۔ لیکن دنیا میں کچھ ممالک نے ڈالر کو کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کیے ہیں جن میں ترکی سرِفہرست ہے۔یہ گزشتہ سال کی بات ہے جب امریکا اور ترکی کے درمیان حالات کشیدہ ہوئے تو ڈالر کے مقابلے میں لیرا شدید متاثر ہوا۔ یہ وقت ترکی کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرگیا تھا اور وقت بڑے فیصلوں کا مطالبہ کررہا تھا۔ جس کے بعد ترک صدر نے بڑے فیصلے کیے اور کرنسی کے اس بڑے فرق کو روکنے کے لیے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈالر بیچ کر لیرا خریدیں۔ انہوں نے کہا کہ 'ڈالر کی یہ بڑھتی ہوئی قیمت ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتی، اس لیے آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، لیکن میں آپ سے یہ کہنا چاہوں گا کہ اگر آپ کے پاس ڈالر یا یورو ہے تو اس کو بیچ کر لیرا خرید لیں، یہ ہماری قومی جدوجہد ہے، اگر آج ہم یہ نہیں کرسکے تو پھر کب؟'طیب اردوان کی درخواست پر پورے ترکی میں ڈالر بیچنے کی مہم چل پڑی اور صرف چند دنوں میں لیرا ڈالر کے مقابلے میں مستحکم ہوگیا۔ یہ استحکام پہلے جیسا تو نہیں تھا مگر اس مہم نے کافی حد تک لیرا کو سہارا دیا اور ڈالر کی قیمت کو کم کر دیا۔پاکستان میں بھی ڈالر کو فوری طور پر قابو کرنے کے لیے کچھ اسی طرح کے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، جو ہمارے ماحول، معاشیات اور عوام کی دلچسپی کے عین مطابق ہو۔پاکستان میں جب وزیرِاعظم عمران خان نے عوام سے ڈالر بیچنے اور روپیہ خریدنے کی درخواست کی تو اس کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکل سکا، کیونکہ کاروباری حضرات رضاکارانہ طور پر یہ کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ وہ اس کے بدلے کوئی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی کامیابی کی اصل وجہ ڈر تھا جو وزیرِاعظم عمران خان نے عام آدمی کے دلوں میں ڈال دیا تھا۔ اس ڈر کی وجہ سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 300 ارب کے اثاثے ظاہر ہوئے۔بطورِ ٹیکس کنسلٹنٹ میں بہت سے لوگوں کو جانتا ہوں جو ڈالر کیش کروانا چاہتے ہیں مگر وہ صرف اس ڈر کی وجہ سے نہیں کروا رہے کہ ہم سے پوچھ گچھ ہوگی۔حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ وہ کاروباری حضرات سے ڈالر نکلوانے کے لیے ڈالر ایمنسٹی اسکیم متعارف کروائے۔ اس اسکیم کے ذریعے کوئی بھی شخص 3 ماہ کے اندر اندر کسی بھی بینک سے ڈالر کیش کروا سکتا ہے اور اس سے ڈالر کی منی ٹریل کے بارے میںکچھ بھی پوچھا نہیں جائیگا۔ ہاں مگر جو 3 ماہ کے بعد آئے گا تو اسے منی ٹریل دینا لازم ہوگی۔ اس اسکیم کے ذریعے حکومت ڈالر کے بدلے بانڈز جاری کرنے کا پروگرام بھی لاسکتی ہے۔ایک اندازے کے مطابق پاکستانی معیشت کا 75 فیصد حصہ کالے دھن پر مشتمل ہے۔ یہاں دبئی انویسٹمنٹ ماڈل استعمال کرکے اربوں ڈالر پاکستانی معیشت میں شامل کیے جاسکتے ہیں۔ڈالر ایمنسٹی اسکیم کی ایک شکل یہ بھی ہوسکتی ہے کہ جو شخص ڈالر بیچ کر پاکستان میں انڈسٹری لگائے گا اس سے ڈالر کی منی ٹریل نہیں پوچھی جائے گی، بلکہ 5 سال تک اسے انکم ٹیکس میں استثنٰی حاصل ہوگا۔ اس طرح حکومت کے پاس ڈالر بھی آجائیں گے اور ملک میں بے روزگاری بھی کم ہوجائے جس سے زرِمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔میرے تجربے کے مطابق پاک افغان تجارت بھی ڈالر کے عدم استحکام کا باعث بن رہی ہے۔ میرے کچھ کلائنٹس پشاور اور کوئٹہ سے افغانستان برآمدات کرتے ہیں۔ ان برآمدات کی حقیقت انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ اکثر سامان جو افغانستان برآمد کیا جاتا ہے اس کی ادائیگی ڈالر میں نہیں ہوتی بلکہ افغانستان میں جس پارٹی کو برآمدات کی جاتی ہیں ان کا ایک پارٹنر پاکستان میں پشاور یا کوئٹہ کا رہائشی ہوتا ہے۔ پھر افغانستان سے افغان کرنسی اسمگل ہو کر پاکستان آتی ہے جسے روپوں میں تبدیل کروا کے رقم روپوں کی شکل میں سپلائر کے اکائونٹ میں منتقل کردی جاتی ہے یا کیش ادا کردیا جاتا ہے۔اب اس پورے کھیل میں برآمدات کرنے کا مقصد ختم ہوجاتا ہے، کیونکہ ڈالر پاکستان میں آیا ہی نہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان سے بہت سی تجارت صرف کاغذوں پر مہریں لگانے تک محدود ہے۔ افغانستان کو برآمد کیا جانے والا اکثر سامان پاک افغان بارڈر پر ہی بک جاتا ہے اور دونوں اطراف سے کاغذوں پر مہریں لگا کر فائلوں کا پیٹ بھر دیا جاتا ہے۔ اس جعلی تجارت سے پاکستان کو سالانہ 2 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔حکومتِ پاکستان اگر سرحد پر توجہ دے تو وہاں ہونے والے اس

عجیب و غریب کھیل کو روکنا ہرگز مشکل کام نہیں ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان کے ساتھ ہونے والی تجارت سے متعلق ضروری قانون سازی کرکے ان مسائل پر باآسانی قابو پایا جاسکتا ہے۔ ایسا کرنا اب ضروری ہوچکا ہے کیونکہ ہماری معیشت یوں اربوں کا نقصان برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔

متعلقہ خبریں