Daily Mashriq

مایا علی کے آئٹم نمبر ’’بلما بھگوڑا‘‘ پر شمعون عباسی کی کڑی تنقید

مایا علی کے آئٹم نمبر ’’بلما بھگوڑا‘‘ پر شمعون عباسی کی کڑی تنقید

مایا علی کی نئی آنے والی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں شامل آئٹم نمبر بلما بھگوڑا پر اداکار شمعون علی عباسی نے کڑی تنقید کرڈالی۔

 گانے کی ریلیز کے بعد اس کی پسندیدگی کے حوالے سے ملا جلا رجحان سامنے آرہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بہت سے صارفین نے اسے بھارتی گانوں سے متاثر قرار دیا ۔ شمعون عباسی نے بھی نام لیے بغیر گانے کو چربہ قرار دیتے ہوئے موجودہ حالات کے تناظرمیں بھارت کی نقالی پر اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔

  شمعون عباسی نے فیس بک کے آفیشل پیج پر اپنی پوسٹ کے آغاز میں واضح کیا کہ اس کا مقصد کیس کی تضحیک نہیں۔

 اداکارنے گانے کیلئے معاون ڈانسرز کی خدمات حاصل کرنے کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئےطنزاً لکھا ’’ کتنا حیرت انگیز ہے، بھارت جاؤ اور کچھ ایکسٹرا ڈانسرز کی شوٹنگ کر کے آجاؤ۔ واپس پاکستان آؤ اور اپنی ہیروئن کو بلا کر ہرے پردے (ورچوئل ) کے سامنے ڈانس کرواؤ اور پھر دونوں ڈانسز کو ملا دو۔ آپ کا گانا تیار ہے۔

  شمعون نے ایل او سی پر بھارتی دراندازی کے حوالے سے لکھا کہ تخلیقی صلاحیتوں کے نام پرقوم ایک اور چربہ دیکھنے کوتیارہے۔ وہ (بھارت) ہمارے فوجی مارتے جائیں اور ہم ان کی نقالی کرتے جائیں ۔ کیا بات ہے۔

 گانا ’’ بلما بھگوڑا ‘‘ گلوکارہ آئمہ بیگ کی آواز میں ہے جس میں بطور ریپرز وکاس اور وینا جوشی، سونل نائک اور راجیو سندرسین کی آواز بھی شامل ہے جبکہ گانے کے بول شہریار منور اور احمد علی بٹ نے لکھے ہیں۔

پرے ہٹ لو سال 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ہو من جہاں ‘‘ کے بعد بطور ہدایتکار عاصم رضا کی دوسری فلم ہے جس کی کہانی عمران اسلم نے تحریر کی ہے۔ فلم کے مرکزی کردار مایا علی اور شہریار منور نے نبھائے ہیں۔ دیگر کرداروں میں ندیم بیگ ، فریحہ الطاف ، حنا دلپزیر، زارا نور عباس اور احمد علی بٹ شامل ہیں۔

 فلم کی عکس بندی پاکستان کے 5 مختلف شہروں کے علاوہ ترکی میں بھی کی گئی ہے۔

 اس فلم میں اداکارہ مایا علی ثانیہ نامی لڑکی کا کردار نبھا رہی ہیں جو بہت مضبوط اور اپنے فیصلہ خود کرنے والی ہوتی ہے۔ اچھے برے کا ادراک رکھنے والی ثانیہ اپنے خاندان کی اہمیت بھی سمجھتی ہے۔

 فلم کا میوزک اور کمپوزیشن عدنان سمیع خان کے بیٹے اذان سمیع خان نے ترتیب دی ہے ۔

 اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ایک گانے ’’مورے سیاں ‘‘ میں خصوصی انٹری دی ہے جس میں اداکارہ کا لباس و انداز امراؤ جان ادا کی یاد دلاتا ہے۔

 رومانس اور مزاح سے بھرپور یہ فلم عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی ۔

متعلقہ خبریں