Daily Mashriq

مالم جبہ اراضی کیس، نیب نے وزیراعلیٰ محمود خان کو طلب کر لیا

مالم جبہ اراضی کیس، نیب نے وزیراعلیٰ محمود خان کو طلب کر لیا

ویب ڈیسک:قومی احتساب بیورو (نیب) نے مالم جبہ اراضی لیز کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو 17 دسمبر کو طلب کرلیا۔

نیب خیبر پختونخوا نے مالم جبہ اراضی اسکینڈل میں وزیراعلیٰ محمود خان، تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز اور سینئر وزیر عاطف خان کو طلب کرلیا۔

نیب نے کرپشن اسکینڈل میں وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان کو 17 دسمبر کو جب کہ تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز کو 14 دسمبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

ان کے علاوہ خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کو بھی طلب کیا گیا ہے۔

مالم جبہ میں 2017 میں ریزورٹس کے لیے سرکاری اراضی لیز پر دی گئی تھی جس میں بے قاعدگیوں اور اقربا پروری کی شکایات سامنے آنے پر نیب خیبر پختونخوا نے تحقیقات شروع کی ہیں۔ 

مالم جبہ کی اراضی لیز پر دینے کے وقت محمود خان صوبائی وزیر کھیل تھے جب کہ محسن عزیز خیبرپختون خوا اسپورٹس بورڈ کے چیرمین تھے اور انہوں نے نامعلوم وجوہات کی وجہ سے استعفیٰ بھی دیا تھا۔

متعلقہ خبریں