Daily Mashriq

سندھ میں 14 طلبہ سمیت 20 افراد کو کتوں نے کاٹ لیا

سندھ میں 14 طلبہ سمیت 20 افراد کو کتوں نے کاٹ لیا

 سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، تھرپارکر میں آوارہ کتوں نے پرائمری اسکول کے 11 طالب علموں کو کاٹ لیا جب کہ کندھ کوٹ میں 3 طالب علموں سمیت 9 افراد  سگ گزیدگی کا شکار ہوگئے۔

تھر پارکر میں چھاچھرو کے گاؤں واوڑی میں اسکول جانے والے بچوں پر آوارہ کتوں نے حملہ کردیا اور 11 بچوں کو کاٹ کر زخمی کردیا۔

میڈیکل آفیسر تعلقہ اسپتال چھاچھرو ڈاکٹر نریش کےمطابق متاثرہ بچوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے ، کتوں نے 2 بچوں کے سر کو بھنبھوڑ دیاتھا جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب  کندھ کوٹ میں بھی آوارہ کتوں کی بھرمار ہے، کتوں کےحملوں میں زخمی 3 طالب علموں سمیت 9 افراد کو سول اسپتال لایا گیا۔

 گذشتہ 10 دنوں میں 140 افراد کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوچکے ہیں۔

کندھ کوٹ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافے کے باوجود ضلعی انتظامیہ  نے عملی طور پر کوئی اقدام نہیں کیا۔

واضح رہے کہ  سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور سال 2019 میں اب تک  صوبے میں سگ گزیدگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوچکی ہے۔

صوبے میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سندھ حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ کتا پکڑو مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کے خاطر خواہ اثرات سامنے نہیں آسکے۔

متعلقہ خبریں