Daily Mashriq

بلاول اورمرادعلی شاہ کوای سی ایل سے نکالنے کافیصلہ موخر

بلاول اورمرادعلی شاہ کوای سی ایل سے نکالنے کافیصلہ موخر

آباد(این این آئی)وفاقی کابینہ نے بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ سمیت 20افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ موخر کردیا۔جمعرات کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا میں جس میں 26 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کا معاملہ بھی زیربحث آیا اور مختلف افراد کے نام ای سی ایل میں رکھنے اور نکالنے کے بارے میں تجاویز پیش کی گئیں۔وفاقی کابینہ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے کا انتظار کیا جائے گا، معاملہ آئندہ اجلاس میں دوبارہ زیرغور آئے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فوادچودھری نے کہاکہ سندھ سے بیرون ملک غیر قانونی رقم بھجوانے کا سکینڈ ل 2015 میں سامنے آیا۔زرداری،مرادعلی شاہ،فریال تالپوراس کرپشن اسکینڈل میں مرکزی کردار ہیں، جے آئی ٹی کی سفارشات پر 172افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزارت قانون نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی تک نہیں ملا تحریری فیصلہ آتے ہی اس پرعمل درآمد کیا جائیگا۔ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی طرف سے20 افراد کے نام فوری نکالنے کی سفارش مسترد کردی اورایک کمیٹی قائم کی ہے جو ای سی ایل میں شامل ناموں کا جائزہ لے گی۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وزیر، قانون فروغ نسیم، وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر اور سیکریٹری داخلہ پر مشتمل ہوگی جو اپنی سفارشات کابینہ کو بھیجے گی۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنا ہے یا نہیں۔اجلاس میں ہونے والے مزیدفیصلوں کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے وزارت قانون کو حکم دیا ہے کہ 48گھنٹوں میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے نوکریوںمیں نیگٹو لسٹ جاری کی جائے،اس لسٹ کے علاوہ دوہری شہریت والے پاکستانی دیگر نوکریاں کرسکیں گے۔گیس بحران کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی خود کو گیس کا آئن اسٹائن ہی سمجھتے ہیں لیکن انہوں نے گیس سیکٹر کو اربوں روپے کا مقروض کر کے چھوڑا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیراعظم ہائوس کا اضافی بل آنے پر نوٹس لیا ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ایئر مارشل ارشد ملک کو قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے تعینات کیا گیا ہے اور سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ کو ڈی جی کااضافی چارج دیا گیا ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عامر علی کو احمد کو چیئرمین سی ڈی اے کا اضافی جارج سونپا گیا ہے۔ چودھری فواد حسین نے کہاکہ یو اے ای کے ساتھ پینے کے صاف پانی کے پلانٹ پر معاہدہ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں