پشاور:خودکش حملے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21افراد شہید

پشاور:خودکش حملے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21افراد شہید

ویب ڈیسک:پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکے میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور پی کے 78پر اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 21افراد شہید ہوگئے۔

پشاور می٘ں منگل کی شب یکہ توت کے علاقے میں کارنر میٹنگ کے دوران سینکڑوں کی تعداد میں عوامی میں عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن موجود تھے،پی کے 78 سے اے این پی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور کی آمد پر کارکنان کیجانب سے والہانہ استقبال کیا گیا اور آتش بازی کی گئی اسی اثنا میں پہلے سے موجود خودکش بمبار نے ان کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑادیا۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور جلسہ گاہ میں بھگدڑ مچ گئی، دھماکے کے بعد ہرطرف خون ہی خون پھیل گیا، زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، ہارون بلور کو بھی زخمی حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

شہدا میں شعیب، اختر گل، محمد نسیم، حذیفہ، یاسین، عارف، عثمان، عابد اللہ، محمد گل، نعیم جان، آصف خان اور دیگر شامل ہیں۔ ہارون بلور کے تایا غلام بلور بھی کارکنوں کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے۔

سی پی او پشاور قاضی جمیل کے مطابق دھماکہ خود کش تھا جس میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک کلو بال بیرنگ بھی استعمال کیے گئے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق حملہ آور کے اعضا اور دیگرشواہد اکٹھے کر لئے گئے، جائے وقوعہ کو پانی سے دھودیا گیا، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ شہید ہارون بلور کے چچا الیاس بلور کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی دھمکی موصول نہیں ہوئی اور وہ معمول کے مطابق انتخابی مہم چلا رہے تھے۔

ہارون بلور کی میت ان کے آبائی گھر منتقل کر دی گئی، ہارون بلور شہید کی نمازجنازہ آج شام پانچ بجے وزیر باغ پشاور میں اداکی جائے گی، بیرسٹر ہارون بلور پشاور کے ضلع ناظم بھی رہے۔ ان پر اس سے پہلے 2016 میں بھی حملہ ہوا تھا جس میں وہ محفوظ رہے تھے۔

متعلقہ خبریں