Daily Mashriq


پشاورکی فضاء سوگوار،خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں میں سے10شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ اور تدفین

پشاورکی فضاء سوگوار،خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں میں سے10شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ اور تدفین

ویب ڈیسک:یکہ توت پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے 21میں سے 10شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ کے بعد تدفین کر دی گئی۔

گزشتہ شب انتخابات کے سلسلے میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش دھماکے میں پی کے 78 سے اے این پی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور سمیت شہید ہونے والے 21میں سے 10شہداء  کی اجتماعی نماز جنازہ رحمان بابا قبرستان عیسیٰ خیل جنازہ گاہ میں اداکردی گئی جب کہ اے این پی کے شہید ہونے والے رہنما ہارون بلور اور ان کے دیگر رفقا کی نماز جنازہ شام 5 بجے وزیر باغ پشاور میں ادا کی جائے گی۔

پشاورمیں  خود کش دھماکےاور اس میں ہونے والی شہادتوں کے بعد سے شہر بھر کی فضاء سوگوار ہےاورشہر کے کئی مقامات پر کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہیں۔ 

خودکش دھماکے کے بعد مختلف حلقوں میں غم وغصے کے ساتھ ساتھ تشویش پائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ہارون بلور پر حملے سے متعلق کوئی خصوصی انتباہ موجود نہیں تھی تاہم ہارون بلور کو 2 اور دیگر سیاسی رہنماوں کو 1پولیس گارڈ دیاگیا تھا، انکا کہنا تھا کہ اے این پی کی کارنر میٹنگ کیلئے پولیس سے رابطہ نہیں کیا گیا تھا ،کارنر میٹنگز کیلئے نیا پلان تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ دھماکے کے بعد سے اب تک سرچ آپریشنز میں درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

خود کش دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لی گئی ہے ، دوسری طرف آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکے کی تحقیقات کیلئے 7 رکنی جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں