Daily Mashriq


لاہور میں پولیس اہلکار کا ’غیرت کے نام پر قتل‘

لاہور میں پولیس اہلکار کا ’غیرت کے نام پر قتل‘

لاہور کے علاقے باٹا پور میں پولیس اہلکار کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔

ہفتے کے روز پولیس کو ان کی ہیلپ لائن ’15‘ پر باٹا پور کے علاقے میں ایک ڈکیتی کی واردات کی کال موصول ہوئی، پولیس جب گھر پر پہنچی تو وہاں کوئی بھی نہیں تھا۔

پولیس نے سرچ آپریشن کا آغاز کیا تو انہیں بستر کے نیچے سے ایک شخص کی لاش ملی۔

لاش کی شناخت منڈی بہاؤالدین کے رہائشی 25 سالہ آصف علی کے نام سے ہوئی جو اسپیشل پولیس پروٹیکشن یونٹ کے اہلکار تھے اور علاقے میں چینی شہریوں کی حفاظت پر مامور تھے۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرد خانے منتقل کیا اور مقتول کے بہنوئی کی درخواست پر ملزم اسلم کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

سینیئر پولیس اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ آصف علی کے مبینہ طور پر علاقے میں ایک لڑکی سے تعلقات تھے اور وہ ہفتے کی رات کو اس لڑکی سے ہی ملنے گیا تھا۔

ان کے مطابق لڑکی کے والد اسلم نے انہیں دیکھ کر انہیں گولی ماردی اور موقع سے اہلخانہ سمیت فرار ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے پولیس ہیلپ لائن پر کال کرکے واقعے کو ڈکیتی کی واردات کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

متعلقہ خبریں