Daily Mashriq

وزیراعظم کی مقامی کمپنیوں کوتیل،گیس کی تلاش کے کام میں تیزی لانےکی ہدایت

وزیراعظم کی مقامی کمپنیوں کوتیل،گیس کی تلاش کے کام میں تیزی لانےکی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے مقامی کمپنیوں کوتیل اورگیس کی تلاش کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے یہ ہدایات پیر کے روز اسلام آباد میں پیٹرولیم کے شعبے سے متعلق معاملات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم ڈویژن کو اس شعبے میں کام کرنے والی غیرملکی کمپنیوں کوہرممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے تمام نظام کو ڈیجیٹل کرنے اور تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے غیرضروری رکاوٹوں کے خاتمے کی بھی ہدایت کی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو تیل وگیس اور معدنیات کے وسیع ذخائر سے نوازا ہے اور ہم انھیں تلاش کرکے اوراستعمال میں لاکر ان سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہاکہ بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں کی توجہ تیل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کی بجائے قیمتی پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر رہی انہوں نے کہاکہ اس عمل سے صنعتی شعبہ متاثر ہوا اور عوام پر بھی اضافی بوجھ پڑا ۔

وزیراعظم نے تیل اورگیس کی تلاش کرنے والی غیرملکی کمپنیوں کومکمل تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

 اجلاس میں اس شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کی سیکورٹی کیلئے ایک ٹاسک فورس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

وزیراعظم کو تیل اور گیس کے کنوئوں کی کھدائی میں رکاوٹوں پر بھی تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔

اجلاس میں وزیرخزانہ اسد عمر، وزیرپیٹرولیم غلام سرور، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی ، سیکرٹری پیٹرولیم اور وزارت کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی ۔

متعلقہ خبریں