Daily Mashriq

سجل علی کی بہن صبورعلی کی صفائی کرنے والے کا مذاق اڑانے پروضاحت

سجل علی کی بہن صبورعلی کی صفائی کرنے والے کا مذاق اڑانے پروضاحت

 نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی کی بہن صبور علی کو کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑانے پرسوشل میڈیا پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم صبورعلی نے اپنے اقدام کی وضاحت کردی ہے۔

اداکارہ صبورعلی نے گزشتہ روز اپنے انسٹاگرام پرایک اسٹوری شیئر کی جس میں وہ کسی ڈرامے کے سیٹ پر موجود ہیں اور وہاں موجود کھڑکی صاف کرنے والے شخص کا مذاق اڑاتی نظرآرہی ہیں۔ صبورعلی صفائی کرنے والے کی ویڈیو بناتے ہوئے کہہ رہی ہیں ’کیا خواب دیکھ کر اس کی ماں نے اسے گھرسے بھیجا ہوگا‘ یہ کہتے ہوئے صبورعلی مسلسل ہنسے جارہی ہیں۔ سیٹ پر ان کے ساتھ اداکارہ صحیفہ جبار اور اداکار عفان وحید بھی موجود ہیں۔

سیٹ پر موجود اداکارہ صحیفہ جبار نے صبورعلی کا ساتھ دیتے ہوئے کہا یہ شخص صبح اٹھ کر اپنی بیڈ شیٹ بھی ٹھیک نہیں کرتا ہوگا اور نا ہی اپنا کمبل طے کرتا ہوگا۔ صبور علی کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین شدید غصے میں آگئےاورانہیں شدید تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

جب تنقید حد سے بڑھ گئی تو صبورعلی نے انسٹاگرام پر وضاحت جاری کرتے ہوئے لکھا میری انسٹاگرام اسٹوری غلط فہمی کی وجہ سے وائرل ہورہی ہے، میں وضاحت کرنا چاہتی ہوں کہ ویڈیو میں موجود کھڑکی صاف کرنے والا شخص دراصل ہمارے اگلے ڈرامے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹرہے ہم کئی ماہ سے ایک دوسرے کے ساتھ کام کررہے ہیں اور ساتھ کام کرنے کی وجہ سے ہم ایک دوسرے سے مذاق بھی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر خود کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کسی کے متعلق کچھ بھی لکھنے سے قبل ایک بارسوچ لیا کریں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی صبورعلی کے بارے میں افواہیں گردش کررہی تھیں کہ انہوں نے خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے تاہم انہیں بچالیا گیا ہے اور وہ اسپتال میں داخل ہیں۔

متعلقہ خبریں