Daily Mashriq


شام ادریس نے تمام پاکستانی یوٹیوبرز سے معافی مانگ لی

شام ادریس نے تمام پاکستانی یوٹیوبرز سے معافی مانگ لی

پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوب اسٹار شام ادریس اور مختلف پاکستانی یوٹیوب اسٹارز کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی تھی جس میں حالیہ دنوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔

یہاں تک کہ رواں ہفتے کراچی میں شام ادریس کی اہلیہ سحر عرف فروگی کو ایک لڑکے نے منہ پر مکا مارا اور وہاں سے بھاگ گیا۔

اس واقعے کے بعد ایک دوسرے پر کافی الزام تراشی ہوئی مگر اب اس معاملے میں ایک نیا موڑ اس وقت سامنے آیا جب شام ادریس نے پاکستانی یوٹیوبرز سے معذرت کرلی، جن پر انہوں نے گزشتہ دنوں ہی سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

شام ادریس نے اپنی نئی ویڈیو میں کہا کہ اگر رمضان کے مقدس مہینے میں بھی اگر وہ غصہ اور برے ارادوں کو برقرار رکھیں تو روزہ رکھنے کا کیا فائدہ؟ تو اسی لیے وہ ہر اس فرد سے معذرت خواہ ہیں جن کو ان کے اقدامات یا الفاظ سے تکلیف پہنچائی ہو۔

انہوں نے یوٹیوبر رحیم پردیسی سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ذاتی طور پر نہیں جانتے تاہم اگر رحیم کو کسی بھی طرح ان سے تکلیف پہنچی ہے تو وہ معذرت کرتے ہیں۔

انہوں نے مورو سے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوچتے ہیں کہ شام نے ان کی ویڈیو کاپی کی تو وہ ان سے بھی معذرت کرتے ہیں۔

انہوں نے شاہ ویر جعفری کے بارے میں کہا کہ ایک وقت تھا جب ہم دونوں بھائیوں کی طرح تھے مگر اب حالات بدل گئے ہیں، ہم دونوں کے درمیان جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں، مگر اسے اگر مجھ سے تکلیف پہنچیت ہے تو میں ان سے بھی معذرت کرتا ہوں۔

انہوں نے زید علی سے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زید کے بارے میں جو کچھ کہا وہ غصے میں کہا، زید ماضی کو بھول جائیں اور نئے تعلقات بنائیں۔

شام ادریس کے ڈکی بھائی سے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں سے غلطیاں ہوئیں اور وہ اپنے الفاظ اور اقدامات جن سے ڈکی بھائی یا ان کا خاندان متاثر ہوا، پر دل سے معذرت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ڈکی کو معاف کیا، اب وہ بھی کردیں۔

انہوں نے اس بات پر اختتام کیا کہ تمام یوٹیوبرز کو معاملے کو ختم کرنا چاہیے جو پاکستانی یوٹیوب کمیونٹی کو متاثر کررہا ہے اور پوری دنیا میں پاکستانی یوٹیوبرز کا امیج خراب ہورہا ہے۔

شام ادریس نے اس ویڈیو میں کچھ بھی براہ راست نہیں کہا کہ وہ کیوں معذرت کررہے ہیں، بس انہوں نے سب سے معافی مانگ لی ۔

دوسری جانب ڈکی بھائی نے اس معذرت پر ایک ٹوئیٹ میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ناصر خان جان سے معذرت کرنے والے اینکر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کسی کو شام کو یہ بھیجنی چاہئے اور بتانا چاہیے کہ کس طرح معافی مانگی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں