Daily Mashriq

کراچی سے اڑنے والا طیارہ بھارتی فضائیہ نے راستے میں اتار لیا

کراچی سے اڑنے والا طیارہ بھارتی فضائیہ نے راستے میں اتار لیا

 نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی پر کراچی سے دہلی جانے والے غیر ملکی سامان بردار (کارگو) طیارے کو راجھستان میں اتار لیا ۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ نے بتایا کہ 2 سوکھوئی ایس یو-30 لڑاکا طیاروں نے طے شدہ فضائی راستے سے تجاوز کرنے پر این-12 طیارے کو راستے میں روک لیا ۔

ایک بیان جاری کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ طیارہ فضائی سفر کے طے شدہ راستے پر نہیں تھا اور نہ ہی بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرولنگ کے اداروں کی فون کالز کا جواب دے رہا تھا۔

جس کی باعث طیارے کو گھیر کر ضروری تحقیقات کے لیے راجھستان میں اترنے پر مجبور کیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں برس فروری میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اپنی اپنی فضائی حدود بند کرنے کی وجہ سے مسافر بردار اور سامان بردار سینکڑوں پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔

پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث غیر ملکی اور بھارتی پروازیں ایک طویل اور مہنگا سفر اختیار کرنے پر مجبور ہوگئیں تھیں۔

خیال رہے کہ بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر کے علاقے پلوامہ میں ہونے ولے خود کش حملے میں 40 سے زائد بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے پاکستان میں دراندازی کی تھی جس سے اس تنازع میں شدت آ نے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارہ گرانے اور اس کے پکڑے گئے بھارتی پائلٹ کی واپسی نے بحران کو بڑی حد تک ختم کرنے میں مدد دی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے بتایا کہ انہیں اس معاملے کے بارے میں پڑوسی ملک کے حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

اس کے ساتھ ذرائع نے میڈیا سے حاصل ہونے والی اطلاعات میں جارجیا کے سامان بردار طیارے کی تنصیلات پر حیرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اب تک بھارت کے سرکاری ذرائع سے کوئی معلومات موصول نہیں ہوئی اور سی اے اے کو اس بارے میں صرف ان تفصیلات کا علم ہے جو میڈیا میں جاری کی گئیں‘۔

متعلقہ خبریں