Daily Mashriq

کوئٹہ- سبزی منڈی بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد سولہ ہو گئی

کوئٹہ- سبزی منڈی بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد سولہ ہو گئی

کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کے قریب سبزی منڈی میں ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد سولہ ہو گئی ۔ دھماکے میں سیکورٹی اہلکاروں سمیت تیس افراد زخمی بھی ہوئے ۔ زخمیوں کو بولان میڈیکل کمپلکس اور سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 8 افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی جبکہ 7 دیگر افراد ہیں ۔ ایک ایف سی اہلکار کی شہادت کی بھی تصدیق ہوگئی ہے ۔ ڈی آئی جی کے مطابق دھماکہ پلانٹیڈ ڈیوائیس کے زریعے کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکہ خیز مواد سبزیوں کی بوری میں چھپایا گیا تھا۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کرائم سین یونٹ دھماکہ کی تحقیقات کررہے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے حکام سے دھماکے کی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعظم نے شہداءکےدرجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہارتعزیت کیا۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ زخمیوں کوبہترین طبی امدادفراہم کی جائے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر مملکت نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات دہشتگردی کےمکمل خاتمے کے لیے قوم کے عزم کومزید پختہ کرتے ہیں۔

چیرمین سینٹ صادق سنجرانی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیراطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام بخاری نے کوئٹہ سبزی منڈی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا بھی اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں