Daily Mashriq


سوڈان کی صوتحال پر غور کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو رہا ہے

سوڈان کی صوتحال پر غور کے لئے سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو رہا ہے

سوڈان میں فوج کی جانب سےصدر عمر البشیر کو معزول کر کے گھر میں نظر بند کر نےکے بعد امریکہ اورپانچ یورپی ممالک نے صورتحال پر غور کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا ہے ۔

سلامتی کونسل کا اجلاس ایسے وقت بلایا گیا ہے جب گزشتہ روز سوڈان میں فوج نے صدر عمر البشیر کو عہدے سے ہٹانے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا اورملک کا نظم ونسق چلانے کے لیے ملٹری کونسل تشکیل دی جو دو سال تک عبوری طور پر ملکی انتظامات چلائے گی۔ سوڈان میں رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک کا کرفیو بھی نافذ ہے ۔سفارتی ذرائع کے مطابق سلامتی کونسل کا اجلاس امریکہ، فرانس، برطانیہ، جرمنی، بیلجیم اور پولینڈ کی درخواست پر بلایا گیا ہے ۔ سوڈان کے وزیر دفاع عوض ابن عوف نے گزشتہ روزسرکاری ٹی وی پر خطاب میں بتایا تھاکہ دو سال کے عرصے میں ملک میں انتقال اقتدار کے عمل کو مکمل کیا جائے گا جس کے بعد عام انتخابات ہوں گے۔

دوسری جانب رات کے کرفیو کے باوجود ہزاروں افراد نے سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں فوج کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا جاری رکھا۔ مظاہرین انصاف اور آزادی کے نعرے لگاتے رہے۔ فوج کی طرف سے مظاہرین کو منتشر ہونے کے احکامات ملنے کے باوجود مظاہرین نے مسلسل چھٹی رات دھرنے میں گذاری۔

متعلقہ خبریں