Daily Mashriq

تحریک انصاف وفد کی ایاز صادق سے ملاقات،تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

تحریک انصاف وفد کی ایاز صادق سے ملاقات،تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات ہوئی جس کے دوران ایاز صادق کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ تحریک انصاف کے وفد میں نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری اور شفقت محمود شامل تھے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سمیت نئے اسپیکر کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے الیکشن سے متعلق تحفظات دورکریں گے جب کہ اپوزیشن ارکان کی تعداد بہت بڑی ہے، ملک کودرپیش مسائل کے حل کے لئے ملکر چلنے کی ضرورت ہے، احتساب ملک کے لئے ضروری ہے۔

 فواد چودھری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف (ن) لیگ سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کے قیام کو اہم سمجھتی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا، ایاز صادق سے ملاقات کا مقصد بھی (ن) لیگ کے پارلیمانی رہنما کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی ایوان کے معاملات مشاورت سے چلانا چاہتی ہے اور قومی اسمبلی میں انتخابات کے معاملات پر بات چیت کے لیے بھی تیار ہے، بطور اسپیکر  پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا، پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔

متعلقہ خبریں