Daily Mashriq

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے غیرقانونی الحاق کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائے گا:وزیر خارجہ

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے غیرقانونی الحاق کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھائے گا:وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے غیرقانونی الحاق کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھائے گا ۔ مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ میں کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے آزاد کشمیر پہنچا ہوں۔وزیرخارجہ نے آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم کوچین کے اپنے حالیہ دورے اورچینی قیادت سے اپنی ملاقاتوں کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی مسلح افواج نہتے کشمیریوں پرمظالم ڈھارہی ہیں او راُن کے حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہم عالمی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں منظرعام پرلارہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدخان نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ وزیرخارجہ کشمیریوں کے ساتھ عیدمنانے کے لئے آزاد کشمیرپہنچے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم ملکر منزل مقصود حاصل کریں گے۔اس سے پہلے آزادکشمیرمیں کوہالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے چودہ اگست کو آزادجموں وکشمیر کی قانون سازاسمبلی سے خطاب کریں گے۔

دریں اثناء پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی پابندیوں میں نرمی کرے اورکشمیری عوام کو آزادانہ طور پر مذہبی فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی اجازت دے۔ریڈیو پاکستان کے نمائندے حیدرعباس کوایک انٹرویو میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ اس سال پاکستان اپنایوم آزادی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طورپرمنائیگا۔

متعلقہ خبریں