Daily Mashriq

خیبرپختونخوا: پولیو کے مزید 4 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 98 تک پہنچ گئی

خیبرپختونخوا: پولیو کے مزید 4 کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 98 تک پہنچ گئی

اسلام آباد: خیبرپختونوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 98تک پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ پولیو کے حالیہ کیسز خیبرپختونخوا مں 3 بچیوں اور ایک بچے میں سامنے آئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں پولیو کے کیسز کی مجموعی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے جو ملک بھر میں یکم جنوری 2016 سے 31 دسمبر 2018 تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی کُل تعداد سے زیادہ ہے۔

نیشنل انسٹییٹوٹ آف ہیلتھ( این آئی ایچ ) اسلام آباد سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا سے پولیو کے 4 کیسز سامنے آئے جن میں سے 3 ضلع لکی مروت اور ایک ضلع ٹانک سے رپورٹ ہوا۔

این آئی ایچ لیبارٹری کے عہدیدار نے کہا کہ پولیو وائرس سے ایک 3 ماہ کا بچہ متاثر ہوا ہے، بچہ تحصیل سرائے نورنگ کی یونین کونسل تختی خیل کا رہائشی ہے، انہوں نے بتایا کہ بچے کو پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔

عہدیدار نے کہا کہ اسی علاقے سے 11 ماہ کی بچی بھی پولیو سے متاثر ہوئی اسے بھی پولیو ویکسین نہیں پلائی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ لکی مروت کی یونین کونسل ڈیرہ تنگ میں 11 ماہ کی بچی میں پولیو کی تشخیص ہوئی، بچی کے والدین کا دعویٰ ہے کہ اسے 2 مرتبہ پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے۔

علاوہ ازیں ضلع ٹانک کی یونین کونسل واراسپون کی رہائشی 12 ماہ کی بچی بھی پولیو وائرس کا شکار ہوئی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد رواں برس ملک بھر میں پولیو کے کیسز کی تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے جو 2018 میں 12 جبکہ 2017 میں 8 تعداد تھی۔

رواں برس خیبرپختونخوا سے 72، سندھ سے 14، بلوچستان سے 7 اور پنجاب سے اب تک پولیو کے 5 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس حوالے سے پیش رفت میں جاپان کی حکموت نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام میں تعاون کے لیے ساڑھے 4 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ ویکسین رواں برس دسمبر سے نومبر 2020 تک انسداد پولیو کی طے کردہ مہمات کے دوران پروگرام کو 5 سال سے کم عمر 2 کروڑ تک پہنچانے میں مدد دے گا۔

اس حوالے سے گرانٹ پر جاپان کی حکومت، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور اقوام متحدہ کے چلڈرنز فںڈ کے درمیان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی موجودگی میں دستخط ہوئے۔

متعلقہ خبریں