Daily Mashriq


ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی

ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی

گزشتہ برس اگست میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب کہ بولی وڈ بابا سنجے دت کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’سنجو‘ کو ریلیز کیا گیا تھا، جس نے باکس آفس پر دھوم مچادی تھی۔

یہ اطلاعات پہلے ہی تھیں کہ ثانیہ مرزا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی ان کی سوانح حیات سے اخذ کی جائے گی اور ان کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے چند پروڈیوسرز حقوق حاصل کرنے کی کوشش میں تھے۔

اگست 2018 میں ہی ممبئی مرر نے بتایا تھا کہ ثانیہ مرزا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کے مالکانہ حقوق پروڈیوسر رونی اسکرووالا نے حاصل کرلیے ہیں، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

لیکن اب خود ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی۔ ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بھارت کی واحد ٹینس سپر اسٹار ثانیہ مرزا نے تصدیق کی کہ ان کے اور فلم پروڈیوسر رونی اسکرووالا کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔

ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالےسے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا خواب تھا کہ وہ اپنی زندگی کو پردے پر دیکھیں۔ 

ٹینس اسٹار نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ان کے اور فلم پروڈیوسر کے درمیان معاہدہ ہوا ہے اور فلم کی تیاریاں ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں۔

ثانیہ مرزا کے مطابق باہمی رضامندی کے ساتھ ہی فلم بنائی جا رہی ہے اور فلم کی تیاری میں ان سے مشاورت بھی کی جائے گی اور وہ یہ سمجھتی ہیں کہ ان کی مشاورت فلم کے لیے اہم ہے۔اداکارہ نے یہ نہیں بتایا کہ فلم کب تک ریلیز ہوگی، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم بہترین ہوگی۔

اگرچہ فلم ثانیہ مرزا کی پروفیشنل زندگی پر مبنی ہوگی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں ان کی ذاتی زندگی اور خصوصا شادی اور اس کے بعد کی زندگی کو دکھایا جائے گا۔

ممکنہ طور پر فلم میں ان کے شوہر اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا بھی اہم کردار ہوگا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

فوری طور پر فلم کے ہدایت کار اور ثانیہ مرزا کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اور شعیب ملک کا کردار ادا کرنے والے اداکار سمیت دیگر کرداروں کی تفصیل سامنے نہیں آسکی۔

تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی اور رواں برس کے اختتام تک فلم کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ 2016 میں ثانیہ مرزا کی زندگی پر ایک کتاب بھی شائع ہوچکی ہے، جس کا نام ' ایس اگینسٹ آڈز' رکھا گیا تھا۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 2010 میں 12 اپریل کو شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں دبئی منتقل ہوگئے تھے۔

متعلقہ خبریں