Daily Mashriq

حکومت قومی اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہے:ڈاکٹر فردوس

حکومت قومی اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہے:ڈاکٹر فردوس

 اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آئندہ دس سال کے دوران ملک میں ہائوسنگ کے شعبے میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

وہ اسلام آباد میں سمارٹ ایکسپو آف فیوچرڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے وفاقی حکومت کے سرکاری ملازمین کیلئے ہائوسنگ اتھارٹی بل کی منظوری دی ہے جس کا مقصد غریب اور کم آمدنی والے ملازمین کیلئے رہائش کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن کو عملی شکل دینا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت قومی اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہے اور عدالتی نظام میں خامیوں کے تدارک سمیت انصاف کی فراہمی کے نظام میں تبدیلیاں لانے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ معاشرے کے بااثر اور طاقتور عناصر ناجائز فائدہ نہ اٹھاسکیں۔

پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا روشن چہرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کے فروغ کے حوالے سے وزیراعظم کا بیانیہ گلگت بلتستان کو سیروسیاحت کے حوالے سے متعارف کرانے کی حکمت عملی سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں سیروسیاحت کے دستیاب مواقع محفوظ بنانا چاہتی ہے تاکہ سیاحوں کی توجہ علاقے کی مسحور کن خوبصورتی کی جانب مبذول کرائی جاسکے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کی دفاعی ڈھال ہیں اور ملک کیلئے ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں