Daily Mashriq

رات کو موبائل کے استعمال کا یہ نقصان دنگ کردے گا

رات کو موبائل کے استعمال کا یہ نقصان دنگ کردے گا

کیا آپ جسمانی وزن میں اضافے سے پریشان ہیں، وہ بھی اس وقت جب زیادہ کھانے سے گریز کرتے ہیں یا ورزش بھی کرتے ہیں، تو اس کی وجہ آپ کے ہاتھ یا جیب میں ہوسکتی ہے۔

اور وہ ہے اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹ۔

جی ہاں رات کو اسمارٹ فونز یا ٹیبلیٹ کا استعمال میٹھا کھانے کی خواہش بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں جسمانی وزن بڑھتا ہے۔

یہ دعویٰ نیدرلینڈ اور فرانس میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

ستراسبورگ یونیورسٹی اور نیدرلینڈ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں چوہوں پر تجربات کے دوران اس بات کو دریافت کیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ان ڈیوائسز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی میں ایک گھنٹہ رہنا بھی چوہوں کی کھانے کی خواہش پر اثرانداز ہوتا اور اگلے دن ناقص غذا کے استعمال کا امکان بڑھ جاتا۔

ان جانوروں کے بلڈشوگر لیول اوپر کی جانب جاتے جس کے باعث جسم شکر کو پراسیس کرنے سے قاصر ہوجاتا جو کہ ذیابیطس سے قبل کی ایک انتباہی نشانی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے ان شواہد کو تقویت ملتی ہے کہ رات کو بہت زیادہ فونز کا استعمال موٹاپے کا باعث بن سکتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران چوہوں کو رات میں نیلی روشنی میں رکھا گیا اور اگلے دن دیکھا گیا کہ وہ کیا کھاتے ہیں۔

ان چوہوں کو دن میں بیدار رکھا گیا جبکہ رات کو سلایا گیا تاکہ وہ انسانی جسمانی گھڑی کی زیادہ بہتر نقل کرسکیں۔

ان چوہوں کو متوازن غذا، چینی کے پانی، چربی اور پانی پر مشتمل 4 غذاﺅں کو چننے کا موقع دیا گیا اور معلوم ہوا کہ نیلی روشنی میں رہنے کے بعد چوہوں نے زیادہ چینی کو ترجیح دی جبکہ ان کے جسم میں گلوکوز کی برداشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک رات کا اثر تھا مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس سے موٹاپے اور ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا امکان بڑھتا ہے۔

متعلقہ خبریں