Daily Mashriq


میڈیکل کالجز میں داخلے: ملک بھر میں ایک ساتھ انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

میڈیکل کالجز میں داخلے: ملک بھر میں ایک ساتھ انٹری ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر میں میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ایک ساتھ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ایم ڈی سی کی جانب سے مذکورہ فیصلہ انٹری ٹیسٹ کے معیار سے متعلق شکایات کے تناظر میں سامنے آیا۔

پی ایم ڈی سی نے کے مطابق ملک بھر میں میڈیکل کالج کے انٹری ٹیسٹ کی ایک تاریخ ہوگی اور 25 اگست کو تقریباً ایک لاکھ سے زائد امیدوار ٹیسٹ کا حصہ بنیں گے۔

کونسل کے ممبر محمد علی رضا نے کو بتایا کہ گزشتہ سال منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں متعدد بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کا حصے بننے والے متعدد طلبا و طالبات نے شکایات درج کروائیں جس کے بعد کونسل نے مسئلے کے حل پر حمتی فیصلہ کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں برس تمام جامعات میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی سی اے ٹی) ایک ہی دن لیں گی۔

محمد علی رضا نے بتایا کہ ’ماضی میں تمام صوبے الگ الگ ٹیسٹ لیتے تھے جس سے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا تھا‘۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ برس بعض جامعات نے آسان اور دیگر نے انتہائی مشکل انٹری ٹیسٹ تیار کیے، چند روز قبل مختلف جامعات کے وائس چانسلرسے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹری ٹیسٹ کا معیار ایک جیسا ہوگا اور یکساں سیلیبس ہی پیپر تیار ہوگا۔

محمد رضا نے بتایا کہ کونسل نے تاحال انٹری ٹیسٹ کی فیس سے متعلق حمتی فیصلہ نہیں کیا تاہم وائس چانسلرز کو تجویز دی گئی کہ اخراجات سے زائد وصولی کے بغیر طلبا و طالبات سے فیس وصول کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر انٹری ٹیسٹ کی فیس ہزار روپے سے 15 سو روپے ہو سکتی ہے۔

محمد رضا نے بتایا کہ بعض طلبا و طالبات کے ایم ڈی سی اے ٹی کے کم نمبر میں ایف ایس سی کے مارکس شامل کرکے انہیں میڈیکل کالج میں داخلہ دیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی سی اے ٹی اور ایف ایس سی کے کم از کم نمبر مختص کردیئے گئے ہیں تاکہ سنجیدہ طلبا و طالبات ڈاکٹر بن سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بلوچستان میں بارش کی وجہ سے ایف ایس سی کے امتحانات کے نتائج بروقت شائع نہیں ہوسکے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ طالبعلم نتائج میں تاخیر کے باوجود انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرسکیں گے۔

متعلقہ خبریں