Daily Mashriq

ڈیم فنڈ کی مد میں سپریم کورٹ کو ایک کروڑ روپے یومیہ نقصان

ڈیم فنڈ کی مد میں سپریم کورٹ کو ایک کروڑ روپے یومیہ نقصان

اسلام آباد: دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کے لیے جمع ہونے والے 10 ارب 60 کروڑ روپے کے فنڈز کی بروقت سرمایہ کاری نہ ہونے کے باعث سپریم کورٹ کو سود کی مد میں تقریباً ایک کروڑ روپے روزانہ کا نقصان ہورہا ہے۔

سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کی سربراہی کرتے ہوئے جسٹس عظمت سعید نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ’اس کی تمام تر ذمہ داری اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی سی) پر عائد ہوتی ہے‘۔

سپریم کورٹ کے عملدرآمد بینچ نے دیامر بھاشا اور مہند ڈیم کے معاملے پر اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ عدالت اس کی مستقل سرمایہ کاری کا تعین ہونے تک مذکورہ فنڈز کی 2، 3 یا 7 دن کی مختصر مدت کے لیے سرمایہ کاری کرسکتی ہے۔

اس ضمن میں جسٹس اعجاز الاحسن نے بھی مرکزی بینک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ’اندازہ لگائیں کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے عدالت کو درست مشورہ نہ ملنے کے باعث گذشتہ 3 ماہ میں ہمیں کس قدر نقصان ہوا ہے‘۔

مذکورہ نقصان کے حوالے سے سیکریٹری قانون انصاف کمیشن پاکستان ڈاکٹر رحیم اعوان نے عدالت عظمیٰ کو آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ٹریژری بلز کے ساڑھے 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے کمیشن کو سود کی مد میں روانہ 35 کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کمیشن برائے قانون و انصاف کی طرح سپریم کورٹ کو بھی ڈیم فنڈ میں سود کی مد میں روزانہ تقریباً ایک کروڑ روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک کے نمائندے محمد علی ملک عدالت کے سامنے اعتراف کیا کہ سپریم کورٹ کی اپیل پر اکٹھے ہونے والے فنڈز اسٹیٹ بینک کے پاس ہیں جو کبھی بھی فنڈز جمع کروانے پر سود نہیں دیتا۔

جس پر جسٹس عظمت سعید نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ‘یہی وجہ ہے کہ اسٹیٹ بینک عدالت کا وقت برباد کررہا ہے کیوں کہ اس طرح کے فنڈز جمع ہونے پر سود نہیں دیا جاتا‘۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کو 13 جون کا نوٹس بھجوادیا جس میں ذمہ دار افسر کو تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی جو سرمایہ کاری کے بہتر طریقوں کے بارے میں عدالت کو بتا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیم فنڈ کی تشہیری مہم پر خرچ 13ارب روپے سابق چیف جسٹس سے وصول کرنے کا مطالبہ

اس پر نمائندہ اسٹیٹ بینک نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کی آئندہ نیلامی 19 جون کو ہوگی جس کے بعد عدالت کی منظوری سے ڈیم فنڈ سے ٹریژری بلز میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔

انہوں نے وضاحت دی کہ 3 ماہ کے لیے شرح سود 12.7 فیصد، 6 ماہ کے لیے 12.8 اور ایک سال کے لیے 13 فیصد ہوگی۔

جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ مرکزی بینک عدالت کا مددگار نہیں لہٰذا عدالت کو کسی اور سے سرمایہ کاری کی تجاویز لینی چاہیں، انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ ایک چھوٹے سے شہر کا بینک منیجر مرکزی بینک سے بہتر سرمایہ کاری کے طریقے بتا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں