Daily Mashriq

ورلڈکپ: آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف پراعتماد آغاز

ورلڈکپ: آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف پراعتماد آغاز

ورلڈکپ 2019 میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پُراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان پر 50 رنز مکمل کر لیے۔

ٹونٹن کے مقام پر کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ پر تھوڑی بہت گھاس دکھائی دے رہی ہے اور پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ میچ نہیں کھیل سکے تھے جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاداب خان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں مارکس اسٹوئنس کی جگہ شان مارش جبکہ ایڈم زامپا کی جگہ کین رچرڈسن کو شامل کیا گیا ہے۔

عالمی کپ کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا 9 مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آئے ہیں جہاں کینگروز 5 جبکہ شاہین 4 مرتبہ کامیاب ہوئے تھے۔

پاکستان کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخرزمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، وہاب ریاض، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، شان مارش، گلین میکس ویل، الیکر کیری، نیتھن کوٹر نائیل، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔

عالمی کپ میں اب تک کی پاکستان کی مہم معمول کے مطابق رہی ہے جہاں پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اگلے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار انداز میں ایونٹ میں واپسی کرتے ہوئے فیورٹ اور میزبان انگلینڈ کو شکست دے دی البتہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں افغانستان اور ویسٹ انڈیز کو مات دی لیکن بھارت کے خلاف اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا لہٰذا دونوں ہی ٹیموں کے لیے ٹونٹن میں کھیلا جانے والا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ورلڈکپ میں اپنے اب تک کے مقابلوں کے بعد پاکستان کے 3 جبکہ آسٹریلیا کے 4 پوائنٹس ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز یں مدمقابل آئی تھیں جہاں سرفراز احمد سمیت 6 صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 0-5 کی کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم قومی ٹیم کے کپتان کا ماننا ہے کہ اس سیریز کا نتیجہ اس مقابلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

متعلقہ خبریں