Daily Mashriq

پانچ بچوں اور پھوپھی کی ہلاکت میں قصر ناز کے 6 ملازمین گرفتار

پانچ بچوں اور پھوپھی کی ہلاکت میں قصر ناز کے 6 ملازمین گرفتار

کراچی: ساؤتھ زون انویسٹی گیشن پولیس نے قصر ناز میں کھٹمل مار دوا کے باعث 5 بچوں اور ان کی پھوپھی کی ہلاکت کے مقدمے میں 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

چند روز قبل کوئٹہ کے رہائشی فیصل زمان اپنے خاندان کے ہمراہ اہلیہ کے علاج کی غرض سے کراچی پہنچے اور انھوں نے قصر ناز میں رہائش اختیار کی۔ اس دوران انھوں نے پریڈی کے علاقے میں قائم ایک ریسٹورنٹ سے بریانی کھائی جس کے چند گھنٹے بعد ہی 5 بچوں، ان کی ماں اور پھوپھی کی حالت خراب ہوگئی، تمام افراد کو اسپتال لے جایا گیا لیکن 5 بچے اور ان کی پھوپھی انتقال کرگئے جبکہ ماں کو علاج کے بعد اسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں ڈیڑھ سالہ علی، 4 سالہ عزیز فیصل، 6 سالہ علینہ، 7 سالہ توحید اور 9 سالہ سلویٰ کے علاوہ ان کی پھوپھی بینا شامل ہیں۔ بچوں کی ہلاکت 22 فروری کو ہوئی تھی جبکہ بچوں کی پھوپھو اگلے روز دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئی تھیں۔واقعے کی جب اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع کی گئی تو اس میں ثابت ہوا کہ قصر ناز میں کھٹمل مار دوا استعمال کی گئی تھی جس کے اثر کے باعث تمام افراد کی موت واقع ہوئی۔ گزشتہ روز اعلیٰ پولیس حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ قصر ناز کے 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں ایک افسر بھی شامل ہے۔

متعلقہ خبریں