Daily Mashriq

نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راوانوارنے ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی

نقیب اللہ قتل کیس کے مرکزی ملزم راوانوارنے ضمانت کیلئے درخواست دائر کر دی

ویب ڈیسک:انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔

نقیب اللہ قتل کیس کےمرکزی ملزم سابق ایس ایس پی راؤ انوار نے اپنے وکیل کے توسط سے انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

راؤ انوار کی جانب سےمؤقف اپنایا گیا ہےکہ جب نقیب اللہ کا قتل ہوا تو وہ جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھے، اس حوالے سے چالان، رپورٹ، جے آئی ٹی کی فائنڈنگز اور جیوفینسنگ میں تضادات ہیں۔

13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کردیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔

سوشل میڈیا صارفین اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راؤ انوار روپوش ہوگئے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنادیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

متعلقہ خبریں