Daily Mashriq

کشمیری رہنماؤں سے رابطے کیے جائیں، امریکا کا بھارت سے مطالبہ

کشمیری رہنماؤں سے رابطے کیے جائیں، امریکا کا بھارت سے مطالبہ

واشنگٹن: امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھارت پر زور دیا ہے کہ کشمیری رہنماؤں کے ساتھ سیاسی روابط بحال کیے جائیں اور متنازع علاقے میں جس قدر جلد ممکن ہو وعدے کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔

ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ بیان میں امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے بھارت پر زور دیا کہ کمشیر میں بحالی کے لیے کچھ اہم اقدامات کیے جائیں جو 5 اگست کو بھارتی حکومت کی جانب سے یک طرفہ طور پر مقبوضہ وادی کی ختم کی گئی خصوصی حیثیت کے بعد سے کرفیو کا سامنا کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مقامی رہنماؤں سے سیاسی رابطے بحال کرنے اور وعدے کے مطابق جلد انتخابات کے لیے ہم بھارتی حکومت کے منتظر ہیں‘۔

مورگن اورٹاگس کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ’کو سیاسی و تجارتی رہنماؤں کی گرفتاریوں سمیت بڑے پیمانے پر ہونے والی گرفتاریوں اور مقامی افراد پر نافذ پابندیوں پر سخت تشویش ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں مذکورہ خطے میں انٹرنیٹ اور موبائل فونز تک رسائی پر پابندی کے حوالے سے بھی فکرات لاحق ہیں‘۔

ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ ’ہم حکام پر زور دیتے ہیں کہ انسانی حقوق کا احترام کریں اور انٹرنیٹ اور موبائل فونز جیسی سہولیات تک رسائی بحال کی جائے‘۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام، جو بھارت کے غیر قانونی قبضے کا خاتمہ چاہتے ہیں، ان کی شکایات دور کرنے کے بجائے امریکا کی جانب سے سیاسی اصلاحات کا مطالبہ اس بات غماز ہے کہ واشنگٹن کو جموں کشمیر کی صورتحال پر اب بھی تحفظات ہیں۔

اس مطالبے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا بھارتی کی جانب سے وادی کشمیر کی صورتحال معمول پر ہونے کے دعوے سے اتفاق نہیں کرتا۔

قبل ازیں پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مابین ثالثی کی پیشکش کا اعادہ کیا تھا۔

اس حوالے سے واشنگٹن میں موجود سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارت کے سخت اعتراضات کے باوجود ٹرمپ کا میڈیا میں ثالثی کی پیشکش کرنا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے خدشات کو ظاہر کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں