Daily Mashriq

دورہ پاکستان کے حوالے سے دہشت گردی کی واننگ ملی ہے، سری لنکن کرکٹ بورڈ

دورہ پاکستان کے حوالے سے دہشت گردی کی واننگ ملی ہے، سری لنکن کرکٹ بورڈ

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں وارننگ ملی ہے کہ قومی ٹیم کو پاکستان کے دورے میں ایک دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دفتر نے ہدایت جاری کی ہے کہ مختصر طرز کرکٹ کے 6 میچوں کے دورے میں قومی ٹیم کے خلاف ‘ممکنہ دہشت گرد خطرے کے حوالے سے باوثوق معلومات ملنے کے بعد صورت حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے’۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی حکومت کیو سیکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے کہا جائے گا۔

خیال رہے کہ سری لنکن بورڈ کی جانب سے دہشت گرد حملے کے حوالے سے بیان دورے کے لیے ٹیم کے اعلان کے کچھ دیر بعد آیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ‘ہم نے سری لنکا کرکٹ کا بیان دیکھا ہے لیکن سری لنکن ٹیم کی حفاظت کے حوالے سے معلومات یا انٹیلی جنس رپورٹ خفیہ نہیں ہے’۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ ‘پی سی بی مکمل تحفظ فراہم کرنے اور سری لنکا کی ٹیم کو سیکیورٹی دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے سری لنکا کرکٹ کےساتھ کام جاری رکھا جائے گا’۔

یاد رہے کہ سری لنکا کی ٹیم پر مارچ 2009 میں لاہور میں حملہ ہوا تھا جس کے بعد اکتوبر 2017 میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آئی تھی۔

لاہور حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسٹاف سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ قبل ازیں سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کردیا تھا۔

پاکستان آنے والی ایک روزہ ٹیم میں لہیرو تھریمانے (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سمراویکراما، اویشکا فرنانڈو، اوشاڈا فرنانڈو، شیہان جے سوریا، داسن شناکا، منود بھنوکا، اینجیلو پریرا، وانندو ہسارنگا، لکشن سنڈیکان، نووان پرادیپ، ایسورو اوڈانا، کاسن رجیتھا اور لہیرو کمارا شامل ہیں۔

سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم داسن شناکا (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سمراویکراما، اویشکا فرنانڈو، اوشاڈا فرنانڈو، شیہان جے سوریا، اینجیلو پریرا، بھنوکا راجاپکشا، منود بھنوکا، لہیرو مدوشانکا، وانندو ہسارنگا، لکشن سنڈیکان، نووان پرادیپ، ایسورو اوڈانا، کاسن رجیتھا اور لہیرو کمارا پر مشتمل ہے۔

سیکیورٹی خدشات کے تحت سری لنکا کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی تھیساراپریرا، اینجیلو میتھیوز، نیروشان ڈکویلا، کوسل پریرا، دھنانجیا ڈی سلوا، اکیلا دانانجیا، سرینگالکمل اور دنیش چندیمل نے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو کراچی میں میں ہوگا جہاں پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا جس کے بعد 29 ستمبر کو دوسرا میچ اور آخری ایک روزہ میچ 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جو بالترتیب 5 اکتوبر، 7 اکتوبر اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

متعلقہ خبریں