Daily Mashriq

ڈیڈ لاک ختم،شہباز شریف چیئرمین پی اےسی ہوں گے،حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق

ڈیڈ لاک ختم،شہباز شریف چیئرمین پی اےسی ہوں گے،حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق

ویب ڈیسک: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر اتفاق ہوگیا۔

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت ہوئی جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس بات پر اتفاق کرلیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی چیئرمین پی اے سی ہوں گے۔

آج قومی اسمبلی اجلاس کے بعد حکومتی وفد نے شہبازشریف سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ حکومتی وفد نے مسلم لیگ ن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا مطالبہ تسلیم کر لیا۔ اس دوران قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی مشاورت ہوئی اور  شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر بھی اتفاق کر لیا گیا۔

ملاقات کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کے لئے ذیلی کمیٹی بنے گی،جس کے سربراہ کاتعلق تحریک انصاف سے ہو گا۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ لیگی دور حکومت کے معاملات دیکھنے کیلئے ذیلی کمیٹی بنا دیتے ہیں، قائمہ کمیٹیاں بنیں گی تو ایوان چلے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت ماضی قریب میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چئیرمین اپوزیشن ارکان میں سے منتخب کرنے کا سختی سے انکار کرتی رہی ہے تاہم حکومت اور اپوزیشن کی طرف کوششوں کے بعد آخر کار معاملے کو سلجھا لیا گیا اور چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک ختم ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں