Daily Mashriq

حکمرانوں نے ریاست مدینہ کے نام پرقوم کوکوفہ پہنچادیا،ایمل ولی

حکمرانوں نے ریاست مدینہ کے نام پرقوم کوکوفہ پہنچادیا،ایمل ولی

پشاور (مشرق نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ فراڈ حکمرانوں نے ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو کوفہ پہنچا دیا ہے، روٹی کی قیمت غریب کی دسترس سے باہر ہو چکی ہے،ایک سال گزرجانے کے باوجود حکومت کے پاس دکھانے کیلئے کوئی کارکردگی نہیں صرف ماضی کی حکومتوں پر ملبہ ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے، قبائلی اضلاع کے حلقہ پی کے104مہمند اور پی کے 105ضلع خیبر میں اے این پی امیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ باچا خان نے عوام میں ووٹ دینے کا شعور اجاگر کیا اور 1937کے بعد سے آج تک پختون ہی مظالم کا نشانہ بنتے آ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں کیونکہ تشدد سے نفرت پیدا ہوتی ہے ، ملک 71سال میں بھی آگے نہ بڑھ سکا،ریاست کو پختونوں کا وجود تسلیم کرنا ہو گا، ہماری سرزمین پر آگ لگانے والے قوم سے معافی مانگیں،انہوں نے کہا کہ ملک میں دہرا نظام رائج ہے، سندھ اور پنجاب کے ارکان اسمبلی کوتو پارلیمنٹ میں لایاگیاہے لیکن دو پختون ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیںکئے جا رہے ۔ایمل ولی خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کا انضمام ہو چکا ہے لیکن آج بھی ایف سی آر کا ڈھانچہ مختلف صورتوں میں رائج ہے،انہوں نے کہا کہ قبائلی انتخابات میں گزشتہ سال 25جولائی کی طرح کسی کو اپنا مینڈیٹ چوری نہیںکرنے دیں گے،قبائلی عوام اس بار صرف ووٹ نہیں ڈالیں گے بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کریں گے ، حکومتی جماعت کی طرف سے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں،سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے لیکن اے این پی کے امیدواروں کو کرفیو اور دفعہ144کے ذریعے روکنے کی کوشش ہو رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں کے اندر سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سے ادارے پر سوالات کھڑے ہونگے، اے این پی کے کارکن مقابلہ کیلئے تیار ہیں اور ڈرنے کی بجائے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ خبریں