Daily Mashriq

حکومت کا پاک-چین بزنس کونسل کے قیام کا فیصلہ

حکومت کا پاک-چین بزنس کونسل کے قیام کا فیصلہ

پاکستان اور چینی حکومتوں نے دونوں ممالک کے صنعتکاروں کے درمیان ہم آہنگی کے فروخت کے لیے پاک-چین بزنس کونسل کے قیام کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے بتایا کہ دونوں ممالک کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ جلد گوادر ماسٹر پلان مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان اور چین کے صنعتکاروں اور تاجروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی خواہشمند ہے اور اس کے لیے پاک چین بزنس کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خسرو بختیار نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے پاکستان نے ملک کے بڑے صنعتکاروں کے نام کونسل میں شامل کرنے کے لیے چین کو بھجوادیے ہیں جبکہ ان کی جانب سے بھی نام جلد موصول ہوجائیں گے۔

گوادر بندرگاہ اور شہر کی ترقی سے متعلق بات کرتے ہوئے خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ گواردر کا ماسٹر پلان اپنے تکمیل کے مراحل میں ہے جسے جلد عوام کے سامنے لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ شہر دنیا کے بہترین اسمارٹ پورٹ سٹی میں سے ایک بن کر ابھرے گا جبکہ یہ بندرگاہ خطے کی دیگر بندگاہوں سے بہتر ہوگی۔

خسرو بتایا کہ سی پیک اتھارٹی کے قیام پر مشاورت کافی عرصے سے چل رہی تھی، تاہم اس کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کا مقصد سی پیک کے معاملات کو مزید تیز کرنا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ حکومت پاکستان ریلوے کے نظام کی بہتری کے لیے ایم ایل ون کو اپ گریڈ کرنے کی خواہشمند ہے جس کی وجہ سے ملک میں مال بردار ٹرینوں اور مسافر ٹرینوں کی مسافت کا وقت مزید کم ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ میرے چینی ہم منصب اکتوبر میں پاکستان میں آرہے ہیں جہاں تمام امور پر ان سے بات چیت ہوگی۔

گزشتہ دور حکومت میں معیشت کو زہر کے ٹیکے لگائے گئے، فردوس عاشق اعوان

اس موقع پر وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت کے دوران ملکی معیشت کو زہر کے ٹیکے لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم بننے کے بعد ملکی معیشت کو چند ماہ میں بے حد نقصان پہنچایا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں کرپشن سے بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں، عدالت میں ثبوت مانگے جاتے ہیں تو یہ لوگ راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی حالات میں اہم چیزیں رونما ہورہی ہیں جبکہ جاتی امراء میں تخت کے لیے جنگ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس جس کو نیب کا خط آ رہا ہے وہ چیخ و پکار کر رہا ہے، اب مخالفین کی آہ و بکا جاری ہے۔

تاجروں کی ہڑتال سے متعلق بات کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاجروں کے جائز مطالبے پر بات کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ تاجر ہڑتال کے ذریع سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں