Daily Mashriq

وزیراعظم عمران خان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچ گئے

وزیراعظم عمران خان کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک پہنچے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے آج (جمعرات)کوشروع ہونیوالے 19 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے ۔

کرغزستان کے صدرSooronbay Jeenbekov نے وزیراعظم کو دو روزہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم اجلاس کی دونشستوںسے خطاب کریں گے۔ رہنما مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کرنے کے علاوہ کئی فیصلوں کی منظوری دیں گے ۔ اس موقع پر وزیراعظم کانفرنس میں شرکت کرنے والے دیگر رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان اور مبصر ملکوں کے علاوہ اہم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔پاکستان 2017ء میں شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے کے بعد سے امور خارجہ ، دفاع، قومی سلامتی ، معیشت اور تجارت ، تعلیم ، نوجوانوں اور خواتین کوبااختیار بنانے، سیاحت اور ذرائع ابلاغ سمیت تنظیم کے مختلف شعبوں میں بھرپور شرکت کررہا ہے۔اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ مہینے بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تھی اور فورم نے ان دستاویزات اور فیصلوں پر غور کرکے ان کو حتمی شکل دی جن پر سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس میں دستخط کئے جائیں گے۔سربراہان مملکت کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلیٰ ترین فورم ہے جو ادارے کے لائحہ عمل ، مستقبل کے منصوبوں اور ترجیحات پر غور کرکے ان کا تعین کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں