Daily Mashriq


خواتین کیلئے ٹیکنیکل سکلز ڈیویلپمنٹ سینٹرز بنائے جائیں گے ،شوکت یوسفزئی

خواتین کیلئے ٹیکنیکل سکلز ڈیویلپمنٹ سینٹرز بنائے جائیں گے ،شوکت یوسفزئی

پشاور(مشرق نیوز)خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی ناممکن ہے عورتوں کو سب سے زیادہ حقوق اسلام نے دیئے ہیں خواتین کے حقوق کے تحفظ کی پاسداری اور بااختیار بنانے کے لئے ڈومیسٹک وائلنس بل اور ایسڈ برن پریونشن ایکٹ خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات ہیں عورتوں کے حقوق کے حوالے سے تمام بل اور ایکٹس اسلامی، معاشرے اور روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائے جاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیرانتظام نشترہال پشاور میں ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں خاتون محتسب لگا دی گئی ہے جہاںخواتین جاکر قانون کے مطابق مدد لے سکتی ہیں۔ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے اور ان کو مختلف ہنر سکھانے کے لئے ٹیکنیکل سکلز ڈیویلپمنٹ سینٹرز بنائے جائیں گے ان ٹیکنیکل سکلز ڈویلپمنٹ سینٹرز کو باقاعدہ طور پر شہید بے نظیر بھٹو وومن یونیورسٹی پشاور کے زیر انتظام دیا جائے گا جہاں پر کامیاب ہنر سیکھنے کے بعد یونیورسٹی کی طرف سے ایکویلنس سرٹیفکیٹ دیئے جائیں گے ہنر سیکھنے والی خواتین کو چار لاکھ تک آسان قرض دینے کے لئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ وہ خواتین اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور جس سے غربت میں بھی کمی آئے گی۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بے گھر خواتین کے لیے دارالامان بنائے جائیں گے مختلف اضلاع میں کام کرنے والی خواتین کی رہائش کے مسائل حل کرنے کے لیے ورکنگ وومن ہاسٹلز بنائے جائیں گے جہاں پر سستے نرخوں پر رہائش کے لیے خواتین کو جگہ مہیا کی جائے گی صوبائی وزیر اطلاعات نے سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود سپیشل ایجوکیشن اینڈ وومن ایمپاورمنٹ محمد ادریس مروت کے ساتھ تقریب میں لگائے گئے خواتین کے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا اور ہاتھوں سے بنائی گئی مختلف مصنوعات میں گہری دلچسپی لی اور خواتین کے کاموں کو سراہا۔

متعلقہ خبریں