Daily Mashriq

منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں توسیع

منی لانڈرنگ کیس:آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں توسیع

ویب ڈیسک: بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کردی۔

منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت پر رہا پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور فریال تالپور کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔

فاضل جج نے کیس کی مختصر سماعت کی تو فریال تالپور حاضری لگا کر روانہ ہوئیں جب کہ آصف علی زرداری تاخیر سے عدالت پہنچے اور حاضری لگائے بغیر روانہ ہوئے جس پر فاضل جج نے کہا آصف علی زرداری کی حاضری نہیں لگی وہ ایسے ہی چلے گئے۔

عدالت نے کہا کہ آصف زرداری کو دوبارہ بلائیں تب حاضری لگے گی جس کے بعد سابق صدر دوبارہ بینکنگ کورٹ پہنچے اور اپنی حاضری لگائی۔

دوران سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے معاملے کی پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے۔ نصیرعبداللہ، حسین لوتھا، عدنان جاوید، محمد عمیر سمیت 5 ملزمان مفرور ہیں، عدالت نے مفرور ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں، مفرور ملزمان کو باقاعدہ اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں، ملزمان کے گھروں پر اشتہارات چسپاں کردیے ہیں، مفرور ملزمان کو باقاعدہ اشتہاری قرار دینے کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ ملزمان کی جائیداد کی معلومات کے لیے متعلقہ کمشنرز کو خطوط لکھ دیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں